قومی کپتان کو حفیظ کی بھی معطلی کا خوف ستانے لگا

نمائندہ خصوصی  اتوار 7 دسمبر 2014
آل راؤنڈر کا ساتھ حاصل نہ ہوا تو ورلڈ کپ اسکواڈ کا توازن ہی بگڑ جائے گا،مصباح   فوٹو: فائل

آل راؤنڈر کا ساتھ حاصل نہ ہوا تو ورلڈ کپ اسکواڈ کا توازن ہی بگڑ جائے گا،مصباح فوٹو: فائل

دبئی: بولنگ ایکشن کی وجہ سے محمد حفیظ کی معطلی کا خوف کپتان مصباح الحق کو ستانے لگا، کہتے ہیں کہ آل راؤنڈر کا ساتھ حاصل نہ ہوا تو ورلڈ کپ اسکواڈ کا توازن ہی بگڑ جائے گا، سعید اجمل دستیاب نہ ہوئے تو دوسرے اسپنرز کو سخت محنت سے خلا پُرکرنا ہوگا، عرفان کو میگا ایونٹ تک مناسب پریکٹس فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہارمیڈیا سے بات چیت میں کیا۔ واضح رہے کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن نیوزی لینڈ سے ابوظبی ٹیسٹ میں رپورٹ ہوا تھا، وہ اس کا تجزیہ کراچکے لیکن ابھی تک رپورٹ موصول نہیں ہوئی،کپتان مصباح الحق کو یہ خوف ستائے جارہا ہے کہ اگر ان کو بھی سعید اجمل کی طرح معطل کردیا گیا تو ورلڈ کپ کا پلان دھرا رہ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعید اجمل پر پابندی ٹیم کیلیے ایک دھچکا تھی، ان کی واپسی کیلیے پُرامید ہوں  ایسا نہ ہوا تو ان کا خلا پُر کرنے کی خاطر دیگر اسپنرز کو سخت محنت کرنا ہوگی، انھوں نے کہا کہ اگر محمد حفیظ کو بھی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تو ٹیم کا توازن بگڑ جائے گا، مصباح الحق  نے کہا کہ ورلڈ کپ میں محمد عرفان ایک اہم ہتھیار ہونگے۔

ان کو انتہائی احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے،ایک سوال پر مصباح نے کہا کہ پیسر کے حوالے سے ہمیشہ عجیب سی باتیں کی جاتی ہیں، جب ہم ان کو کھلاتے ہیں تو کہا جاتاہے کہ فٹنس کیوں داؤ پر لگائی، موقع نہ دیں تب بھی اعتراضات شروع ہوجاتے ہیں، ان کو ورلڈ کپ تک مناسب پریکٹس دینا چاہتے ہیں، ٹرینرز نے عرفان کی فٹنس بہتر بنانے کیلیے خاصا کام کیا جو نظر بھی آرہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔