عمران خان سازشیں کرکے ملک میں فتنے اور فساد کی سیاست چاہتے ہیں، پرویزرشید

ویب ڈیسک  اتوار 7 دسمبر 2014
کھیل کی طرح اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ عمران خان کی سیاست میں بھی نہیں، پرویز رشید  فوٹو: اے پی پی

کھیل کی طرح اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ عمران خان کی سیاست میں بھی نہیں، پرویز رشید فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب وہ اسے ماننے کے لئے تیار نہیں اور اس کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی وہ خود ہیں جب کہ  سازشیں کر کے وہ ہر صورت ملک میں فتنے اور فساد کی سیاست چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان سازشیں کر رہے ہیں اور وہ ہر صورت ملک میں فتنے اور فساد کی سیاست چاہتے ہیں جب کہ وہ  بادشاہ بن بیٹھے ہیں جو باری باری ہر شہر پر حملہ کرے گا تاہم فیصل آباد میں ان کا فتنہ ناکام ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان  فیصل آباد جانا چاہتے ہیں تو ضرور جائیں اور وہاں کا مشہور پلاؤ کھائیں، شاید پلاؤ کھانے سے ان کی یادداشت واپس آجائے جب کہ اے، بی، سی، ڈی اور ای پلان کے بعد ان کا ’’ایف‘‘ پلان بھی آئے گا جو ناکام ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے انتخابی نتائج کو نہ ماننے کا وطیرہ اختیار کر رکھا ہے اور وہ بار بار اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہیں، عمران خان شروع دن سے انتخابی نتائج تسلیم کرنے کو  تیار نہیں اس لئے ان کا حلقے کھولنے کا مطالبہ  اب تھیلے کھولنے پر آگیا حالانکہ عمران خان نے دھاندلی کا الزام لگا کر جن  4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا وہ کھلے ہوئے ہیں اوراس پر سماعت بھی جاری ہے تاہم تحریک انصاف کے پاس ثبوت نہیں اس لئے وہ اب سماعت ملتوی کرانے پر اترآئی ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کھیل کی طرح اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ عمران خان کی سیاست میں بھی نہیں، عمران نے بلی خود تھیلے سے نکال دی ہے اور اگر حلقے نہیں کھلے تو عمران خان الیکشن ٹریبونل کیا کرنے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا  عمران خان اپنی یادداشت کھو چکے ہیں  اس لئے وہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے  جی ایس پی کو جی ایس ایم کہتے ہیں تاہم ہم دعا گو ہیں کہ  ان کی یادداشت واپس آجائے لیکن پتا نہیں اس حوالے سے ہمیں  کیا قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔