آج چھٹی ہے

وجاہت علی عباسی  اتوار 7 دسمبر 2014
wabbasi@yahoo.com

[email protected]

پاکستان کو بنے 68 سال ہوگئے ہیں مگر یہ دنیا کے طاقتور ملکوں کی فہرست میں کہیں دور دور بھی نہیں ہے، لسٹ کی بات کریں تو پاکستان ورلڈ ٹورزم میں ایران کے علاوہ سب سے نیچے آتا ہے، پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر دوسرے ملکوں میں بغیر ویزہ داخل ہونے والوں کی لسٹ میں بھی تقریباً سب سے آخیر میں ہیں، اسی طرح پاکستان سے بزنس کرنے کے خواہش مند بھی دنیا بھر میں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

پاکستان کے خواب میں یہ دن دیکھنا شامل نہیں تھا جس حقیقت کا آج ہمیں سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کچھ دن پہلے CNN چینل کے ایک پروگرام میں شاہد خان کو دیکھا یہ امریکا میں رہنے والے وہ پاکستانی ہیں جو سیلف میڈ بلینر ہیں، پروگرام میں گورے میزبان نے ان سے پوچھا پاکستان دوسرے ملکوں سے پیچھے کیوں ہے؟

انھوں نے جواب دیا پاکستان میں لوگ کام نہیں کرتے، ہر دوسرے دن کسی نہ کسی وجہ سے ہڑتال ہوتی ہے اور چھٹیاں ہوجاتی ہیں۔ اب ایسا ملک جہاں اتنی چھٹیاں ہوتی ہیں وہاں کوئی کام کیسے کرے گا؟

شاہد خان کو پاکستان چھوڑے چالیس سال ہوگئے ہیں، امریکن ہونے کی وجہ سے وہ صحیح حساب نہیں لگا پا رہے ہیں، ہم اتنی ہڑتالوں کے باوجود بھی امریکا سے کم چھٹیاں کرتے ہیں۔

امریکا میں حیران کن طور پر اتنی چھٹیاں ہوتی ہیں جن کا حساب رکھنا بھی مشکل ہوتا ہے، کچھ دن پہلے ہی ’’تھینکس گیونگ‘‘ گزری ہے اور کچھ ہی دن میں کرسمس آجائے گی۔ کرسمس ابھی ختم نہیں ہوگی کہ نیو ایئر کی چھٹیاں اور پھر مارٹن لوتھر کنگ ڈے کی چھٹی، چلیے کرسمس اور یوم آزادی کی چھٹیوں کا تو سب کو پتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ امریکا میں ہر دوسرے دن کہیں نہ کہیں چھٹی ہوتی ہے۔

شروع سے شروع کرتے ہیں، پہلی جنوری کو پورا امریکا بند ہوتا ہے، بینک، پوسٹ آفس، اسکول وغیرہ جہاں کئی قوموں کا ماننا ہے کہ آپ جو سال کے پہلے دن کرتے ہیں وہی سارا سال کرتے ہیں اس لیے سال کے پہلے دن کام کرنا چاہیے مگر امریکا اس دن چھٹی کرتا ہے۔

پہلی کے بعد تین، چھ، سات، تیرہ، چودہ کو مذہبی نوعیت کی چھٹیاں ہوتی ہیں جو اس مذہب سے متعلق کوئی بھی شخص لے سکتا ہے جیسے اگر کوئی کرسچن ہے تو 14 جنوری کو آرتھوڈوکس نیوایئر کی چھٹی لے سکتا ہے۔

جنوری 16 کو لی جین ڈے ورجینیا میں منایا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہاں اسٹیٹ ہالی ڈے ہوتا ہے، جنوری 19 کو مارٹن لوتھر کنگ ڈے کی امریکا بھر میں چھٹی ہوتی ہے۔

20 جنوری کو رابرٹ۔ ای لی برتھ ڈے البامہ، اری زونا اور فلوریڈا میں منائی جاتی ہے جہاں ان اسٹیٹس میں اس دن کی چھٹی ہوتی ہے، اسی دن ٹیکساس میں Confederate میموریل ڈے اور آئی ڈہیو میں ہیومن رائٹس ڈے اور اسی مہینے میں اری زونا اور نیو ہمپشائر میں سول رائٹ ڈے کی چھٹی بھی ہوتی ہے۔

فروری کے مہینے میں کئی ریاستیں ’’لنکن‘‘ کی سالگرہ مناتی ہیں، بارہ تاریخ کو جس میں کینٹی کٹ، نیویارک اور نیوجرسی شامل ہیں۔

فروری 16 کو پریزیڈنٹ ڈے کی چھٹی پورے ملک میں ہوتی ہے، اس کے علاوہ نیشنل فریڈم ڈے، روزا پارک ڈے، نیشنل ویئر ریڈ ڈے ملاکر کم سے کم بارہ دن ایسے اس مہینے میں آتے ہیں جس میں امریکا کی کسی نہ کسی ریاست میں چھٹی ہوتی ہے۔

مارچ تو فروری سے بھی آگے ہے جہاں فروری میں بارہ چھٹیاں تھیں وہیں مارچ میں سولہ چھٹیاں ہوتی ہیں امریکا کی مختلف ریاستوں میں، 2 مارچ کو ٹیکسیس انڈینٹس ڈے، مارچ سترہ کو میساچوسیٹس میں Evacuation ڈے کی چھٹی، مارچ 25 کو میری لینڈ میں میری لینڈ ڈے کی چھٹی اور مارچ سترہ کو سینٹ پیٹرکس ڈے کی چھٹی۔

اپریل شروع ہوتے ہی گڈ فرائیڈے کی چھٹی آجاتی ہے جس کی وجہ سے امریکا کی تیرہ ریاستوں میں چھٹی ہوتی ہے، اپریل چار کو ’’جوئش پاس اوور ڈے‘‘ کی چھٹی،اپریل پانچ کو ایسٹر اور اپریل پندرہ کو ٹیکس ڈے کی چھٹی ہوتی ہے۔ ستائیس اپریل کنفیڈریشن ڈے کی چھٹی مسس سپی، البامہ، فلوریڈا اور جارجیا میں آفیشل چھٹی ہوتی ہے۔

مئی میں بھی چھٹیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے، مئی پچیس کو میموریل ڈے کی چھٹی سارے ملک میں ہوتی ہے لیکن اس کے علاوہ بائیس ایسی چھٹیاں ہیں جو مئی کے مہینے میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہوتی ہیں جیسے چار مئی کو انڈیانا میں الیکشن ڈے کی چھٹی، مازوری میں ٹرمن ڈے کی چھٹی اور مئی بائیس کو کیلی فورنیا کے مختلف علاقوں میں ملک ڈے کی چھٹی ہوتی ہے۔

جون شروع ہوتا ہے کینٹی کٹ میں اسٹیٹ ہڈ ڈے کی چھٹی کے ساتھ اس کے ساتھ البامہ میں بھی یکم جون کو جیفرسن ڈیوس کی سالگرہ کی اسٹیٹ ہالی ڈے ہوتی ہے، جون گیارہ کو ہوائی میں اسٹیٹ ہالی ڈے، چودہ جون کو فلیگ ہالی ڈے اور جون سترہ کو بنکر ہل ڈے کی میساچوسٹیس میں، کل ملاکر جون میں تیرہ چھٹیاں ہوتی ہیں۔

جولائی چھٹیوں کے حساب سے سب سے چھوٹا جس میں صرف سات چھٹیاں ہوتی ہیں لیکن چار جولائی کو یوم آزادی ہوتا ہے اس لیے لوگ آس پاس کے دنوں کی چھٹیاں لے کر اپنے گھر والوں کے ساتھ ویکیشن پلان کر لیتے ہیں۔

اگست میں بھی صرف دس چھٹیاں ہیں جن میں سینئر سٹیزن ڈے اور ویمنز ایکوٹی جیسی چھٹیاں شامل ہیں لیکن پھر ستمبر میں یہ سلسلہ بڑھ جاتا ہے جس میں اٹھارہ چھٹیاں آتی ہیں، ستمبر سات کو امریکا میں لیبر ڈے منایا جاتا ہے جس کی وجہ سے پورے امریکا میں چھٹی ہوتی ہے۔

اکتوبر میں کولمبس ڈے جس کی چھٹی آٹھ دس اسٹیٹس کے علاوہ ہر ریاست میں ہوتی ہے، اکتوبر کی سترہ چھٹیوں میں نواڈا میں نواڈا ڈے اور الاسکا میں الاسکا ڈے کی چھٹیاں شامل ہیں اس کے علاوہ اس مہینے میں ہالووین بھی آتی ہے۔

نومبر شروع ہوتے ہی امریکا چھٹیاں صحیح طرح منانے کے موڈ میں آجاتا ہے، تھینکس Giving، بلیک فرائی ڈے، سائبر منڈے پھر دسمبر میں کرسمس کے آس پاس مزید چھٹیاں یعنی اگر دیکھا جائے تو امریکا سال میں لگ بھگ پچاس دن کام کرتا ہے لیکن شاہد خان کو امریکا کی چھٹیاں نہیں ہماری ہڑتالیں نظر آئیں، پاکستانی کام کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں دنیا نے وہ مواقع نہیں دیے جو امریکا کے پاس ہیں، نہیں تو شاہد خان اپنے بلین ڈالرز پاکستان میں انویسٹ کر رہے ہوتے اور امریکا کی چھٹیوں کی بات کرتے نظر آتے ہماری ہڑتالوں کی نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔