برطانیہ میں مولانا فضل الرحمان پر پی ٹی آئی کارکنوں کی حملے کی کوشش

ویب ڈیسک  پير 8 دسمبر 2014
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف ’گو ڈیزل گو‘ کے نعرے بھی لگائے۔ فوٹو: فائل

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف ’گو ڈیزل گو‘ کے نعرے بھی لگائے۔ فوٹو: فائل

لندن: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے حملے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں ان کی جے یو آئی (ف) کے کارکنوں سے ہاتھا پائی ہو گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان لندن میں ساؤتھ ہال کی مسجد ابوبکر میں مولانا خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقد تعزیتی ریفرنس میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ’گوڈیزل گو‘ کے نعرے لگانا شروع کر دیئے، کچھ کارکن مولانا فضل الرحمان پر حملے  کے لئے آگے بڑھے تو جے یو آئی (ف) کے کارکنوں سے ہاتھا پائی ہو گئی اور کارکن اپنے قائد کو بحفاظت نکال کر لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف لندن کا کہنا ہے کہ ہم صرف احتجاج کرنے کے لئے گئے تھے، ہمارے کارکنوں نے کوئی حملہ نہیں کیا بلکہ جے یو آئی (ف) کے افراد نے ہمارے کارکنوں پر حملہ کر کے انہیں زخمی کیا، ان کے خلاف مقدمہ درج کرا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جب وزیراعظم نواز شریف لندن کے دورے پر آئے تھے تو اس وقت بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر ’گو نواز گو‘ کے نعرے لگائے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔