مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف زورآزمائی کے بجائے صبر سے کام لیں، الطاف حسین

ویب ڈیسک  پير 8 دسمبر 2014
مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف احتجاج کو  پرامن رکھیں۔ الطاف حسین   فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف احتجاج کو پرامن رکھیں۔ الطاف حسین فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستا ن تحریک انصاف ایک دوسرے کے خلاف زور آزمائی کرنے کے بجائے صبر وتحمل سے کام لیں اور احتجاج کو ہر قیمت پر پُرامن رکھیں۔

لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کرنا اور اسے حکومتی ارکان کی جانب سے برداشت کرنا جمہوریت کا حصہ ہے لیکن کسی بھی فریق کی جانب سے اسے پرتشدد راستے پر ڈالنے کا عمل جمہوری اصولوں کے سراسر خلاف ہے۔ فیصل آباد کی کاروباری اور تاجربرادری سے اپیل ہے کہ وہ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو نہ تو زبر دستی کام کرنے سے روکیں اور نہ ہی انہیں ان کی مرضی کے خلاف زبردستی کام کرنے پر مجبور کریں۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستا ن تحریک انصاف ایک دوسرے کے خلاف زور آزمائی کرنے کے بجائے صبر وتحمل سے کام لیں۔ ایک دوسرے کو برداشت کریں اور ایک دوسرے کے خلاف کئے جانے والے احتجاج کو ہر قیمت پر پر امن رکھیں۔ انہیں امید ہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن  ملک کی بہتری سلامتی اور امن عامہ کی خاطر ذمہ دارانہ کردار ادا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔