تحریک انصاف کے کارکن کی ہلاکت کا مقدمہ رانا ثنااللہ اور عابد شیرعلی سمیت 300 افراد کیخلاف درج

ویب ڈیسک  پير 8 دسمبر 2014
راناثنااللہ اورعابدشیرعلی کے خلاف درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی اور قتل سمیت 5 دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس، فوٹو؛فائل

راناثنااللہ اورعابدشیرعلی کے خلاف درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی اور قتل سمیت 5 دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس، فوٹو؛فائل

فیصل آباد: شہر میں احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کی ہلاکت کا مقدمہ مسلم لیگ(ن)  کے رہنما رانا ثنااللہ اور وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی سمیت 300 افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد میں احتجاج کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے بھائی عطااللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ  اور وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی سمیت 300 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ رانا ثنااللہ کے داماد رانا شہریار کا نام بھی ایف آئی آر میں شامل ہے، پولیس کے مطابق مقدمے میں 5 دفعات شامل کی گئی ہیں جن میں انسداد دہشت گردی اور قتل کی دفعات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد پارٹی چیرمین عمران خان کی جانب سے دیئے گئے ’’پلان سی ‘‘ کے مطابق فیصل آباد میں احتجاج کے لیے نکلی تھی اور اس دوران مختلف مقامات پر ان کا مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ساتھ تصادم بھی ہوا جب کہ  فائرنگ کے نتیجےمیں تحریک انصاف کا کارکن حق نواز جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔