تحریک انصاف کا کارکن کے قتل کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ

ویب ڈیسک  منگل 9 دسمبر 2014
پی ٹی آئی نے تمام شہروں میں پارٹی سرگرمیاں ملتوی کردیں جبکہ مقتول کارکن حق نوازکومقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

پی ٹی آئی نے تمام شہروں میں پارٹی سرگرمیاں ملتوی کردیں جبکہ مقتول کارکن حق نوازکومقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کارکن کی ہلاکت کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے جب کہ مقتول حق نواز کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد میں گزشتہ روز فائرنگ سے ہلاک ہونے والے پی ٹی آئی ورکر حق نواز کے قتل کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے جب کہ اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پارٹی سرگرمیاں ملتوی کردی گئیں اور فیصل آباد ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن نے بھی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ پی ٹی آئی مقتول کارکن حق نواز کی نماز جنازہ میں مقامی اور ضلعی قیادت سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی تاہم مرکزی قیادت جنازے میں شریک نہ ہوسکی۔ نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شیخ خرم ظفر، عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور ، بشارت جسپال ، مسلم لیگ ق کے چوہدری ظہیرالدین کے علاوہ عزیز واقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد مقتول کو مقامی قبرستان صدیقیہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف گزشتہ روز احتجاج کیا جارہا تھا اور ہنگامی آرائی کے دوران فائرنگ سے ایک کارکن ہلاک جب کہ کئی زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔