پشاور میں اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پرویز رشید

ویب ڈیسک  منگل 16 دسمبر 2014
پاکستانی قوم نے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے، پرویز رشید  فوٹو: فائل

پاکستانی قوم نے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے، پرویز رشید فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویزرشید کہتے ہیں کہ پشاور کے اسکول پر حملہ پاکستان کے بچوں پر حملہ ہے جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کو کسی ایک واقعے سے جوڑنا یا کسی خاص خطے سے منسلک کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ دہشتگردوں کے چند گروہ پوری دنیا کو غیر محفوظ بنا کر اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں اور پوری دنیا ان کے خلاف مل کر لڑ رہی ہے۔

پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں اسکول پر حملہ کسی ایک صوبے کا معاملہ نہیں، یہ کارروائی پورے ملک کے خلاف ہے۔ اگر دہشتگرد یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی اس طرح کی کارروائی سے ہمارے ارادے پست ہوجائیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔  اس طرح کے حملوں سے ہمارا عزم کمزور ہونے کے بجائے مزید مضبوط ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے ملک میں دہشتگردی کا جو بازار گرم کررکھا ہے اس کے ردعمل میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور مزید شدت سے جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔