امریکی شہر نیویارک میں فائرنگ سے 2 پولیس افسران ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 21 دسمبر 2014
نیو یارک میں ایک سیاہ فام شہری کے قتل کے ذمہ دار سفید فام پولیس افسر کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے فیصلے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

نیو یارک میں ایک سیاہ فام شہری کے قتل کے ذمہ دار سفید فام پولیس افسر کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے فیصلے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

نیویارک: امریکا میں ایک مسلح شخص نے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔  

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر نیو یارک میں ایک سیاہ فام شخص نے پولیس اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ معمول کے گشت کے بعد واپس لوٹے تھے۔ دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ واقعے کے فوری بعد حملہ آور نے بھی خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

نیویارک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو اسماعیل برنسلے جبکہ مقتول اہلکاروں کو لیو وینجن اور رافیل راموس کے ناموں سے شناخت کیا گیا ہے۔ واقعے سے سے قبل حملہ آور نے اپنی سابقہ دوست کو بھی گولی مار کر زخمی کیا تھا جبکہ سوشل میڈیا پر پولیس مخالف پیغام بھی چھوڑا تھا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب شہر کی پولیس کے رویے اور ملزمان سے نمٹنے کے متعلق ان کے طریقوں کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور  نیو یارک میں ایک سیاہ فام شہری کے قتل کے ذمہ دار سفید فام پولیس افسر کے خلا ف مقدمہ درج نہ کرنے کے فیصلے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔