ملک سے دہشت گردی اور شدت پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  جمعرات 25 دسمبر 2014
عوام کے اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے قومی اتفاق رائے کو عملی اقدامات میں بھی تبدیل کریں گے، جنرل راحیل شریف،
فوٹو:فائل

عوام کے اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے قومی اتفاق رائے کو عملی اقدامات میں بھی تبدیل کریں گے، جنرل راحیل شریف، فوٹو:فائل

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہےکہ قوم کے اعتماد اور اتفاق رائے پر پورا اترتے ہوئے ملک سے دہشت گردی اور شدت پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرراولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک کے سکیورٹی امور پر غور اور نیشنل ایکشن پلان سے متعلق فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے کردار کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس موقع پر آرمی چیف نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی بھی ہدایت دی۔

جی ایچ کیو میں ہونے والے اجلاس میں جنرل راحیل شریف نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے سیاسی قیادت کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت کی جانب سے اصلاحات اور انتظامی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم قوم کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور ملک سے دہشت گردی و شدت پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے جبکہ عوام کے اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے قومی اتفاق رائے کو عملی اقدامات میں بھی تبدیل کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں 10 گھنٹے طویل پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر نے خصوصی شرکت کی تھی جبکہ اجلاس میں فوجی عدالتوں کے قیام سمیت 20 نکات پراتفاق کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔