11 حساس یوسیز میں انسداد پولیو مہم مکمل، کمشنر کا اظہار اطمینان

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 26 دسمبر 2014
بچوں کو قطرے پلانے کا مقصد قوم کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے شہروملک کو پولیو سے پاک کرنا ہے، شعیب احمد صدیقی۔ فوٹو: فائل

بچوں کو قطرے پلانے کا مقصد قوم کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے شہروملک کو پولیو سے پاک کرنا ہے، شعیب احمد صدیقی۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کی 5 روزہ مہم مکمل کرلی گئی ہے جس کی رپورٹ ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی نے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کوپیش کردی۔

رپورٹ میں مہم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں 2لاکھ 65 ہزار 928 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا ئے گئے ہیں، کمشنر کراچی نے کہا کہ جوبچے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے رہ گئے ہیں انھیں قطرے پلانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشکلات کے باوجود پولیو ٹیموں نے اپنے فرائض انجام دیے، بچوں کو قطرے پلانے کا مقصد قوم کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے شہروملک کو پولیو سے پاک کرنا ہے، اس وقت بچوں کے مستقبل کا سوال ہے اس لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے، انھوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی کو ہدایت کی کہ مہم کے اگلے مرحلے کی منصوبہ بندی کی جائے اورہر بچہ کو قطرے پلانے کا کام زیا دہ منظم اور مربوط طور پر عالمی ادارہ صحت، یونیسیف کی مشاورت، شرکت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔