کراچی پولیس نے بھی آن لائن ایف آئی آر سسٹم متعارف کرا دیا

ویب ڈیسک  جمعـء 26 دسمبر 2014
مدعی کو ایف آئی آر کیلئے ای میل کرنا ہوگی جس کے بعد سادہ کاغذ پر جرائم کی مکمل تفصیل بتانا ہوگی،ایڈیشنل آئی جی۔ فوٹو؛ نذیر شاہ۔

مدعی کو ایف آئی آر کیلئے ای میل کرنا ہوگی جس کے بعد سادہ کاغذ پر جرائم کی مکمل تفصیل بتانا ہوگی،ایڈیشنل آئی جی۔ فوٹو؛ نذیر شاہ۔

کراچی: خیبرپختونخوا کے بعد کراچی پولیس نے بھی شہریوں کی مشکلات آسان کردی اور اب شہری ایف آئی آر آن لائن بھی درج کراسکیں گے۔

سی سی پی او کمپلیکس میں آن لائن ایف آئی آر درج کرانے کی تقریب کے مہمان خصوصی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی تھے جنہوں نے  آن لائن ایف آئی آر نظام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع  پر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ آن لائن ایف آئی آر جیسے آسان زریعے کی بڑے عرصے سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی پولیس نے عوام کی داد رسی کے لیے اس طریقے کار کو وضع کیا ہے تاکہ ایسے افراد جنہیں عام طور پر شکایت ہوتی ہے کہ پولیس ان کا مقدمہ فوری طور پر درج نہیں کرتی تو اب کسی بھی واقعہ یا جرم کی ایف آئی آر آن لائن درج کی جاسکے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آن لائن طریقہ کار کے زریعے لوگ جھوٹی ایف آئی بھی درج کرانے کی کوشش کریں گے تاہم ایسے افراد کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا  کہنا تھا کہ ایف آئی آر درج کرانے کے نئے سسٹم کی خود نگرانی کروں گا اور ایسا مانیٹرنگ سسٹم رکھیں گے جس کے غلط استعمال کرنے والے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی جب کہ آن لائن ایف آئی آر کے لیے مدعی کو ای میل کرنا ہو گی جس کے بعد ابتدائی معلومات ریکارڈ کا حصہ بنا لی جائیں گی، اگلے مرحلے میں مدعی کو ایک سادے فارم میں اپنے بارے میں اور جو واقعہ پیش آیا  ہے اس سے متعلق تمام معلومات دینا ہوں گی جس کے بعد قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرلی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔