ٹمبر مارکیٹ نقصان کا تخمینہ و تلافی 72 گھنٹے میں کرنے کا مطالبہ

بزنس رپورٹر  پير 29 دسمبر 2014
کمیٹیوں کا قیام ناکافی ہے، تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے، سندھ تاجر اتحاد کا افسوس کا اظہار۔  فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

کمیٹیوں کا قیام ناکافی ہے، تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے، سندھ تاجر اتحاد کا افسوس کا اظہار۔ فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

کراچی: سندھ تاجر اتحاد نے ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کے نقصان کا تخمینہ لگانے اور تلافی کے لیے 72 گھنٹوں میں ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کردیا ہے۔

سندھ تاجر اتحاد کے رہنما جمیل احمد پراچہ نے متاثرہ ٹمبر مارکیٹ کے دورے کے موقع پر متاثرہ تاجروں کے نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر سطح پر بھرپور مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ تاجر اتحاد اگلے 24 گھنٹوں میں نقصانات کا تخمینہ مرتب کرکے حکومت کو پیش کرے گا جس کے ازالے کے حکومت کو 72 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کے نقصانات میں حکومت اور متعلقہ اداروں کی غفلت اور نااہلی کا بڑا دخل ہے چند کوس کے فاصلے پر قائم فائر برگیڈ اسٹیشن سے بروقت گاڑیاں نہ پہنچنے پانی سمیت آگ بجھانے کے لیے درکار کیمکل اور فوم کی عدم فراہمی کی وجہ سے نقصانات کئی گنا بڑھ گئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ کا واقع بولٹن مارکیٹ کی آتشزدگی سے بڑا سانحہ ہے جس میں نقصان کے ازالے کے لیے کمیٹیوں کا قیام ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے واقع کی تحقیق کے لیے بھی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے جس میں آتشزدگی کی وجوہات کے ساتھ فائر برگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے کی وجوہات کا بھی تعین کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔