عالیہ بھٹ نئی فلم ’’اُڑتا پنجاب‘‘ میں شاہد کپور کی ہیروئن بنیں گی

شوبز ڈیسک  پير 29 دسمبر 2014
’’شاندار‘‘ کے بعد ’’اُڑتا پنجاب‘‘ میں صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملا ہے، عالیہ بھٹ کی میڈیا سے گفتگو، کرینہ کپور بھی کاسٹ میں شامل۔  فوٹو: فائل

’’شاندار‘‘ کے بعد ’’اُڑتا پنجاب‘‘ میں صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملا ہے، عالیہ بھٹ کی میڈیا سے گفتگو، کرینہ کپور بھی کاسٹ میں شامل۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی فنکارانہ صلاحیتوں کی مالک نوجوان اداکارہ عالیہ بھٹ نے وکاس بہل کی فلم ’’شاندار‘‘ میں شاہد کپور کے مقابل ہیروئن کاسٹ ہونے کے بعد ایک اور فلم سائن کرلی ہے اور وہ ڈائریکٹر ابھیشیک چھوبے کی نئی فلم ’’اُڑتا پنجاب‘‘ ہے جس میں عالیہ ہیروئن کیلیے کاسٹ کرلی گئی ہیں۔

فلم انڈسٹری سے آنے والی خبروں کے مطابق عالیہ بھٹ نے فرحان اختر کی فلم ’’راک آن 2‘‘ کو چھوڑ کر فلم ’’اُڑتا پنجاب ‘‘ کو سائن کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم ’’اڑتا پنجاب ‘‘ میں عالیہ بھٹ ایک مرتبہ پھر شاہدکپور کے مقابل ہیروئن آئیں گی جب کہ اس کے علاوہ اداکارہ کرینہ کپور خان بھی اس فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ تاریخ کے مسئلہ کی وجہ سے عالیہ بھٹ نے بڑی احتیاط سے کام لیتے ہوئے اور اپنے والد مہیش بھٹ کی مداخلت کی وجہ سے فرحان اختر کی فلم ’’راک آن 2 ‘‘ کی بجائے ’’اڑتا پنجاب ‘‘ کو سائن کیا ہے۔

نئی نسل کی پسندیدہ اداکارہ ان دنوں ہر ڈائریکٹر کا پہلا انتخاب بنی ہوئی ہیں مگر عالیہ اپنے والد مہیش بھٹ کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے صرف مرکزی اور جاندار کردار والی فلم ہی سائن کر رہی ہیں۔ پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ ڈائریکٹر ابھیشیک چھوبے کی نئی فلم ’’اُڑتا پنجاب ‘‘ میں شاہد کپور کے مقابل مرکزی کردار میں اداکارہ پریانکا چوپڑا کو پیشکش کی گئی تھی‘ انھیں دنوں عالیہ بھٹ کو فلم ’’راک آن 2 ‘‘کی بھی آفر ہوئی لیکن دونوں فلموں کی شوٹنگ کیلیے ایک ہی تاریخوں کی وجہ سے عالیہ بھٹ نے ’’اُڑتا پنجاب‘‘ کو ترجیح دی اور ’’راک آن 2 ‘‘ کو چھوڑ دیا کیونکہ فرحان اختر کی اس فلم میں عالیہ کیلیے ثانوی کردار تھا جس میں عالیہ کو ایک بینڈ کی گرل ممبر کا کردار ادا کرنا تھا۔

عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ ’’وہ چیلنجنگ فلمیں کرنا چاہتی ہے جیسا کہ ’’اُڑتا پنجاب ‘‘ فلم ہے جس میں اسے اپنی صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملے گا اور شاہد کپور کے مقابل اس کیلیے کام کرنے کا دوبارہ موقع ملا ہے تو پھر اس فلم کو کیوں نہ کرتی ‘‘۔ عالیہ بھٹ کو کرن جوہر کی فلم ’’سٹوڈینٹ آف دی ایئر‘‘ پھر ’’ٹو اسٹیٹس‘‘، ’’ہائی وے‘‘ اور ’’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘‘ ایک کے بعد دوسری کامیاب فلمیں دینے کے بعد بہت ساری فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ ان دنوں عالیہ بھٹ اداکار شاہد کپور کے ساتھ ’’شاندار ‘‘ فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہے اور اب شائقین اس جوڑی کو ایک بار پھر ’’اُڑتا پنجاب ‘‘ میں دیکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔