بھارت میں فلم ’’ہوٹل‘‘ کو ایوارڈ ملنے پر بہت خوش ہوں، میرا

شوبز رپورٹر  منگل 30 دسمبر 2014
ایوارڈ قوم کے نام کرتی ہوں، مجھ پر تنقید کرنے والوں کے لیے بہترین جواب ہے، گفتگو  فوٹو : فائل

ایوارڈ قوم کے نام کرتی ہوں، مجھ پر تنقید کرنے والوں کے لیے بہترین جواب ہے، گفتگو فوٹو : فائل

لاہور: فلم اسٹارمیرا نے کہا ہے کہ بھارت کے شہر دہلی میں ہونے والے ’’دہلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘‘ میں ’’ہوٹل‘‘ کو بہترین فلم اورمجھے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملنے پربے حد خوش ہوں۔

یہ ایوارڈ پوری پاکستانی قوم کے نام کرتی ہوں۔ بھارت میں ملنے والا ایوارڈ ان لوگوں کے سوالوں کا بھی بہترین جواب ہے جو بلاوجہ مجھے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اداکارہ میرا نے گزشتہ روز فون پر’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں بہت اچھا رسپانس ملا، فلم فیسٹیول میں بہت سی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں لیکن ’’ہوٹل‘‘ کو دیکھنے کے بعد جہاں شرکاء نے فلم کی کہانی اور میری اداکاری کو پسند کیا وہیں جیوری ممبران نے بھی میرٹ پر ہمیں ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔

انھوں نے بتایا کہ مجھے سے جلنے والے مخالفین طرح طرح کی باتیں بناتے رہتے تھے اور میڈیا میں رہنے کے لیے بلاوجہ مجھ پر تنقید کرتے رہتے تھے لیکن بھارت میں جس طرح سے ہمارے کام کوسراہا گیا ہے، ایوارڈ کی خبریں منظرعام پرآنے کے بعد وہ تمام مخالفین کہیں چھپ کر بیٹھ گئے ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ اب کوئی نیا پراپیگنڈہ بنانے میں مصروف ہونگے۔ میں ان سب سے بس اتنا ہی کہنا چاہوں گی کہ وہ میرے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرتے رہے لیکن میں بہترین کام کرتے ہوئے آگے بڑھتی رہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔