پینٹگولر کپ میں اسٹار کرکٹرز آرام اور جونیئرز ورلڈ کپ کی ’’تیاری‘‘ کریں گے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 30 دسمبر 2014
ایونٹ میں شعیب ملک اور کامران اکمل مرکز نگاہ ہوں گے  فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایونٹ میں شعیب ملک اور کامران اکمل مرکز نگاہ ہوں گے فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: پینٹنگولر کپ میں اسٹار کرکٹرز آرام، جونیئرز ورلڈ کپ کی ’’تیاری‘‘ کریں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کی تیاریوں کے پیش نظر دسمبر میں خصوصی طور پر شیڈول کیے جانے والے پینٹنگولر کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کئی سپر اسٹارز کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شیڈول میگا ایونٹ کے لئے حتمی 15رکنی اسکواڈ کا اعلان 7جنوری کو کیا جانا ہے، گذشتہ دنوں کیویز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا تھا کہ یو اے ای میں سیریز کے مقاصد 100فیصد تو نہیں کسی حد تک پورے کرلیے،اسکواڈ کی اصل صورت پینٹگولر کپ ٹورنامنٹ میں تیار ہوگی، مگر اب انجریز اور تھکاوٹ کا شکار کئی اسٹار کرکٹرز کو آرام دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے جونیئرز کو ورلڈکپ کی تیاری کا ’’موقع‘‘ فراہم کیا جارہا ہے،اس کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی سینئر شریک5 ٹیموں میں سے کسی کی قیادت نہیں کررہا، کپتان مصباح ہیمسٹرنگ انجری کے سبب کیویز کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔

ابھی تک ان کو مکمل فٹ قرار نہیں دیا گیا، محمد حفیظ بائیومکینک ٹیسٹ کے لئے چنئی کا رخت سفر باندھ چکے،شاہد آفریدی کا ہاتھ زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، شائقین ان کو ایکشن میں نہیں دیکھ سکیں گے، تجربہ کار بیٹسمین یونس خان، احمد شہزاد اور سرفراز احمد کو کسی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا،ذرائع کے مطابق تینوں کی فارم میں کسی شک وشبے کی گنجائش نہ دیکھتے ہوئے مکمل ’’آرام‘‘ دینے کا فیصلہ کیا گیا،ورلڈکپ اسکواڈ کا لازمی حصہ ہونے کی وجہ سے سلیکٹرز ان کی کارکردگی جانچنے کی ضرورت محسوس نہیں کررہے، میگا ایونٹ سے قبل طویل تربیتی کیمپ لگائے جانے کا امکان بھی کم ہی نظر آتا ہے، یوں چند کرکٹرز اپنی سابقہ فارم کا اعتماد لے کر ہی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کرینگے، فٹنس کا معاملہ حساس ہونے کی وجہ سے طویل قامت پیسر محمد عرفان کو بھی چند میچز بنچ پر بیٹھ کر دیکھنے کاکہا جا سکتا ہے۔

پابندی کے شکار سعید اجمل کو بھی میدان میں اتارنے سے گریز کیا گیا، اس طرح ان کے نئے بولنگ ایکشن کی مزید آزمائش کا موقع ہاتھ نہیں آسکے گا۔سلیکٹرز کی نگاہیں شعیب ملک اور کامران  کی کارکردگی پر مرکوز ہوںگی،انجریز سے نجات پانے والے صہیب مقصود، جنید خان، وہاب ریاض، بلاول بھٹی اور احسان عادل کی فٹنس بھی پرکھی جائے گی، عمرگل بھی قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی ایک اور کوشش کرینگے۔ ایونٹ میں حارث سہیل لاہور بادشاہز کی قیادت کرینگے،دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل (نائب کپتان)، عمران بٹ، عمرصدیق، ناصر جمشید، شاہد یوسف،علی وقاص،عبدالرحمان مزمل،عماد وسیم،سعد نسیم،رضا حسن،بلاول بھٹی،محمد طلحہٰ، وہاب ریاض اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ فواد عالم سندھ نائٹس کے کپتان ہیں۔

انھیں انور علی کی معاونت حاصل ہوگی،اسکواڈ میں خرم منظور، شرجیل خان، فضل سبحان، خالد لطیف، سعد علی، فیصل اقبال، اسد شفیق، محمد حسن، میر حمزہ، تابش خان، سہیل خان، جنیدالیاس اور شاہ زیب احمد موجود ہیں۔ جنید خان خیبر پختونخوا فائٹرزکی کمان سنبھالیں گے، عمران خان نائب ہونگے، ٹیم میں افتخار احمد،نعیم الدین، مختار احمد، شعیب ملک، فیصل مبشر، عدنان رئیس، اسراراللہ، عادل امین، محمد رضوان، تاج ولی، عزیز اللہ، ظفر گوہراور یاسر شاہ کو جگہ دی گئی ہے۔بلوچستان واریئرز کے کپتان اظہر علی اور معاون بسم اللہ خان ہونگے، اسکواڈ میں سمیع اسلم، محمد وقاص، صہیب مقصود، ایاز تصور، عثمان صلاح الدین، رمیز عزیز، علی اسد، محمد عرفان، راحت علی، ضیا الحق، احسان عادل، ذوالفقاربابر اور کاشف بھٹی کو شامل کیا گیا ہے۔ عمرامین فیڈرل یونائیٹڈ کی قیادت سنبھالیں گے،نائب کپتان زوہیب احمد ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں عمران فرحت،اویس ضیا، شان مسعود،بابر اعظم،عمر وحید،سرمد بھٹی،علی سرفراز، عبدالرحمان،کامران اکمل، سہیل تنویر، عمرگل، حمزہ ندیم اور احمد جمال کو رکھا گیا ہے، یاد رہے کہ ایونٹ کا آغاز بدھ سے کراچی میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔