کرکٹ میں ’’نولفٹ‘‘، ماجد خان کی ہاکی کو یاد آ گئی

میاں اصغر سلیمی / اسپورٹس رپورٹر  منگل 30 دسمبر 2014
سابق اسٹار21جنوری کو کھلاڑیوں، کوچز اور سلیکٹرز کو خصوصی لیکچر دیں گے ۔  فوٹو : فائل

سابق اسٹار21جنوری کو کھلاڑیوں، کوچز اور سلیکٹرز کو خصوصی لیکچر دیں گے ۔ فوٹو : فائل

لاہور: سابق عظیم کرکٹر ماجد خان کو ان دنوں پی سی بی لفٹ کرانے کو تیار نہیں ہے، ایسے میں ہاکی آفیشلز کو ان کی یاد آ گئی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹیو نے صدر پی ایچ ایف اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد علی سے لاہور میں دوران ملاقات کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس چند ایسی تجاویز ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے ہاکی کے کھیل میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ اختر رسول نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور کھلاڑی نام کمانے کے بعد ماجد خان ایک کامیاب منتظم بھی رہ چکے ہیں۔ہمیں انتہائی خوشی ہے کہ سابق کرکٹ اسٹار اپنا تجربہ ہاکی پلیئرز میں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ رانا مجاہد علی نے بتایا کہ یہ لیکچر21جنوری کو اسلام آباد میں رکھنے کی تجویز ہے، اس موقع پر ملک بھر کے کئی موجودہ اور سابق کھلاڑی، کوچز اور دیگر آفیشلز بھی موجود ہوں گے۔

واضح رہے کہ ماجد خان نے پاکستان کی جانب سے 63 ٹیسٹ اور 23 ون ڈے میچز میں حصہ لیا، وہ اپنے زمانے میں کرکٹ کے ساتھ ہاکی بھی کھیلتے رہے ہیں ، انھوں نے سابق کپتان منظورالحسن کے بینیفٹ میچ میں بھی شرکت کی تھی، اس مقابلے میں سابق کپتان شہباز سینئر سمیت متعدد اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شریک تھے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔