سیاسی جماعتوں نے منافقت جاری رکھی تو مارشل لا کو کوئی نہیں روک سکتا، الطاف حسین

ویب ڈیسک  منگل 30 دسمبر 2014
طالبان طالبان نہیں بلکہ ظالمان ہیں ان کی کھل کر مخالفت کی جائے اور ظالم کو ظالم کہا جائے، الطاف حسین  فوٹو: فائل

طالبان طالبان نہیں بلکہ ظالمان ہیں ان کی کھل کر مخالفت کی جائے اور ظالم کو ظالم کہا جائے، الطاف حسین فوٹو: فائل

لندن: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سمیت تمام جماعتوں نے کل جماعتی کانفرنس میں آرمی چیف کے سامنے فوجی عدالتوں کی حمایت کی تھی لیکن آج سب مکر گئے ہیں یہ کس طرح کی منافقت ہے اور اگر یہی حال رہا تو پھر ملک میں مارشل لا کو کوئی نہیں روک سکتا۔

کراچی میں علما کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نےکہا کہ پیپلزپارٹی سمیت تمام جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں فوجی عدالتوں کی حمایت کی تھی لیکن آج،عمران خان، پیپلزپارٹی اور عوامی نینشل پارٹی والے مکر رہے ہیں، آرمی چیف کے سامنے ہاں اور ان کی غیر موجودگی میں انکار کرنا یہ کیسی منافقت ہے اگر یہی حال رہا تو پھر ملک میں مارشل لا کو کوئی نہیں روک سکتا،عبادت گاہوں، بازاروں، مساجد اور فوجی تنصیبات پر حملے ہورہے ہیں اورجو ان حملوں میں ملوث ہیں وہ کسی طور پر مسلمان نہیں ہوسکتے بلکہ  یہ انتہا پسند گروپ ہے جو معصوم بچوں کو خون میں نہلاتا ہے لیکن دہشت گردی کرنے والے طالبان کو کوئی دہشت گرد نہیں کہتا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان طالبان نہیں بلکہ ظالمان ہیں ان کی کھل کر مخالفت کی جائے اور ظالم کو ظالم کہا جائے جب کہ یہ مسلمان نہیں منافقین ہیں اور جو ان کو بگڑا بچہ اور ان سے مذاکرات کا کہے اسے بھی اندر کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔