ہندو انتہا پسندوں کی شدید تنقید کے باوجود بالی ووڈ کے بڑے بڑے ناموں کو فلم ’’پی کے‘‘ بھا گئی

ویب ڈیسک  بدھ 31 دسمبر 2014
عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ کو وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل سمیت ہندو انتہا پسند جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے فوٹو:فائل

عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ کو وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل سمیت ہندو انتہا پسند جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پی کے‘ کو جہاں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں فلم انڈسٹری کے بڑے بڑے نام شاندار فلم پر اس کے گن گا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبنگ اداکار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ناقدین سے سوال کیا  کہ کیا ’’پی کے‘‘ ایک شاندار فلم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام لوگ یہ فلم ضرور دیکھیں جب کہ  ہدایت کار کرن جوہر، اداکارہ پوجا بیدی اور پروڈیوسر ادے چوپڑا نے بھی فلم پی کے کی تعریف کی ہے۔

دوسری جانب  پی کے کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی کا کہنا تھا کہ فلم پر تنقید سے مجھے تشویش ہے لیکن میں پی کے کی پوری ٹیم کی جانب سے کہتا ہوں کہ ہم تمام طبقات کے جذبات کا احترام کرتے ہیں، مجھے اس بات پر بہت افسوس ہوا کہ فلم پر یہ تنقید کی گئی کہ اس میں ہندو مذہب کی توہین کی گئی  لیکن میں ان لاکھوں  لوگوں کا بھی بے حد مشکور ہوں کہ جنہوں نے یہ فلم دیکھی۔

واضح رہے کہ عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ کو وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل سمیت ہندو انتہا پسند جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ بی جے پی کے رہنما سبرا منیم سوامی نے تو پاکستان سے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلم کی فنڈنگ کا الزام ہی  پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی پر  لگاڈالا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔