فرانس میں بجلی پیدا کرنے والا مصنوعی درخت تیار

ویب ڈیسک  بدھ 31 دسمبر 2014
درخت کی لمبائی 11 میٹر جب کہ یہ درخت ایک سال میں 2600 کلو واٹ بجلی پیدا کر سکتا ہے     فوٹو؛اے ایف پی

درخت کی لمبائی 11 میٹر جب کہ یہ درخت ایک سال میں 2600 کلو واٹ بجلی پیدا کر سکتا ہے فوٹو؛اے ایف پی

پیرس: درختوں پر پیسے اُگنے کا محاورہ تو آپ نے سنا ہوگا  لیکن فرانس کے سائنسدانوں نے ایک ایسا  درخت بنایا ہے جو بجلی پیدا کرتا ہے۔

فرانس کے سائنسدانوں نے 11 میٹر بلند بجلی پیدا کرنے والا ایسا مصنوعی درخت بنایا ہے جس پر 6 درجن بڑے بڑے پتے لگے ہیں، جو ہوا چلتے ہی گھومنا شروع ہو جاتے ہیں، اِن بڑے بڑے پتوں کے نچلے حصے میں چھوٹی چھوٹی ٹربائن نصب ہیں جو گھوم کر بجلی پیدا کرتی ہیں۔

اسٹیل سے بنے اس درخت پر لگے مصنوعی پتے وزن میں انتہائی ہلکے ہیں جو ہوا کی رفتار کم ہونے کے باوجود بھی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ یہ درخت ایک سال میں 2600 کلو واٹ بجلی پیدا کر سکتا ہے۔

فرانسیسی ماہرین نے بجلی پیدا کرنے والے درخت کے دو تجرباتی ماڈل تیار کئے ہیں جو کامیابی سے بجلی پیدا کر رہے ہیں، بجلی پیدا کرنے والے یہ درخت تیار کرنے میں تقریبا 3 سال کا عرصہ لگا۔

درخت بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ ابھی اس درخت کے ڈیزائن میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے اور اسے 2016 میں مارکیٹ میں متعارف کرا دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔