سال نو کی آمد پر منچلوں کو روکنے کیلئے سی ویو جانے والے راستے بند

ویب ڈیسک  بدھ 31 دسمبر 2014
شہر میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی۔ فوٹو: فائل

شہر میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی۔ فوٹو: فائل

کراچی: سال نو کی آمد کے موقع پر جشن منانے اور ساحل سمندر پر ہلہ گلہ روکنے کے لیے سی ویو جانے والے تمام راستوں کو بند رہے جب کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کئے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سال نو کی آمد کے موقع پر شہریوں کو ساحل سمندر پر جانے سے روکنے کے لیے پولیس نے سی ویو جانےوالے تمام راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے انہیں بلاک کردیا جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں بدترین ٹریفک بھی جام رہا۔ پولیس کی جانب سے کورنگی روڈ، بوٹ بیسن اور خیابان اتحاد سے سی ویو جانے والے راستوں پر گاڑیاں کھڑی کردی گئی تھیں جب کہ بعض مقامات پر پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا۔

کلفٹن جانے والے راستے بند ہونے کے باعث وہاں کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پولیس کا کہنا تھا کہ کلفٹن کے رہائشیوں کو شناخت کے بعد ان کے علاقوں میں جانے کی اجازت دی گئی۔  شہر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی جب کہ ہوائی فائرنگ سمیت بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔