عمرگل نے خود کو ورلڈکپ کے لیے دستیاب قرار دے دیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 2 جنوری 2015
اظہر علی ایونٹ میں بطور آل راؤنڈرکھیلنے کے خواہاں، اوپننگ بھی کرنے پر آمادہ  فوٹو: فائل

اظہر علی ایونٹ میں بطور آل راؤنڈرکھیلنے کے خواہاں، اوپننگ بھی کرنے پر آمادہ فوٹو: فائل

کراچی: ٹیسٹ فاسٹ بولر عمر گل نے خود کو مکمل فٹ اور ورلڈکپ کیلئے دستیاب قرار دے دیا ہے۔

عمر گل کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تمام ٹیسٹ دے دیے، ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کا انحصار سلیکٹرز پر ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں سیریز کے دوران مجھے فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن علاج کے بعد تمام ٹیسٹ پاس کرلیے، اس وقت بھرپور ردھم میں ہوں اور جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں پوری رفتار سے بولنگ کی۔ انھوں نے کہا کہ میں ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم میں شامل ہوں یا نہیں نیک تمنائیں پاکستان کے لیے ہیں، میں 2011 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کو عمربھر نہیں بھلا سکتا، ہمارا روایتی حریف سے میچز میں کامیابی کا تناسب بہتر ہے لیکن نجانے کیا وجہ ہے کہ ورلڈکپ اور دیگر میگا ایونٹس میں نہیں جیت پاتے۔ امید ہے اس بار ایسا نہیں ہوگا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات ہیں۔ دریں اثنا ٹیسٹ بیٹسمین اظہر علی میگا ایونٹ میں بطور آل راؤنڈرکھیلنا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ میں اوپنر کی حیثیت سے بھی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلئے تیار ہوں، میڈیا سے بات چیت میں اظہر علی نے کہا کہ میں ان دنوں بہترین پرفارم کررہا ہوں، ماضی میں جب بھی موقع ملا اپنے ملک کے لیے خدمات انجام دیں، آئندہ بھی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔