مثبت ڈوپ ٹیسٹ پر سزا کے دورانیے میں اضافہ

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 2 جنوری 2015
ممنوعہ دوا کا استعمال ثابت ہونے پر2 کی جگہ 4 برس تک پابندی عائد ہو جائے گی۔ فوٹو: فائل

ممنوعہ دوا کا استعمال ثابت ہونے پر2 کی جگہ 4 برس تک پابندی عائد ہو جائے گی۔ فوٹو: فائل

لندن: مثبت ڈوپ ٹیسٹ پر سزا کے دورانیے میں اضافہ کردیا گیا، یکم جنوری سے لاگو نئے قوانین کے تحت ممنوعہ دوا کا استعمال ثابت ہونے پر2 کی جگہ 4 برس تک پابندی عائد کردی جائے گی، البتہ تحقیقات میں مدد دینے والے ایتھلیٹس کے ساتھ نرمی برتنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یکم جنوری سے لاگو نئے قوانین کے تحت کسی بھی کھلاڑی کو ممنوعہ ادویات کے استعمال پر کم از کم 4 برس تک پابندی کا سامنا کرنا ہوگا۔ عالمی اسپورٹس میں اینٹی ڈوپنگ قوانین کو مستحکم بنانے کیلئے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ کوڈ میں تبدیلیاں ہوئیں،ڈوپنگ کیلئے معطلی کی سزا 2 برس سے بڑھا دی گئی ہے، ٹیسٹ نہ دینے والے کم رعایت کے حقدار ہوں گے، تحقیقات میں مدد کرنے والوں کیلئے معطلی کی سزا میں کمی ہوسکے گی۔

برطانوی وزیر کھیل ہیلن گرانٹ نے کہاکہ تبدیلیاں دنیا بھر میں بے داغ ایتھلیٹس کو محفوظ رکھیں گی، کامیاب عملدرآمد کا مطلب ایک اختراعی اور مضبوط اینٹی ڈوپنگ پروگرام ہوگا جس سے مزید ایتھلیٹس، سپورٹ اسٹاف اور اسپورٹس سے محبت کرنے والے افراد پہلے کی نسبت زیادہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم صرف ایتھلیٹس کیلئے ہی نہیں بلکہ ڈوپنگ پراسس میں مددگار افراد کیلئے بھی سخت پابندیاں چاہتے ہیں۔

12 ماہ کے دوران 3 ٹیسٹ نہ دینے والے ایتھلیٹس پر پابندی کو 18 ماہ سے بڑھا کر 2 برس کردیا گیا جبکہ جان بوجھ کر ایسا کرنیوالے پر 4 برس کی پابندی ہوگی، لا پرواہی سے ڈوپنگ کے شکار ایتھلیٹس پر 2 برس کی پابندی البتہ اگر وہ ثابت کریں گے کہ ایسا لاعلمی کی وجہ سے ہوا تو سزا میں کمی کی جاسکے گی۔

واڈا کا کہنا ہے کہ 2015 کوڈ میں ڈوپنگ کے بارے میں غیر معمولی مدد فراہم کرنے والے کو مزید فوائد دیے جائیں گے، خلاف ورزی کا اعتراف کرنے والے کو کم مدت پابندی کا سامنا اور واڈا کا فیصلہ حتمی ہوگا، غیر معمولی واقعات میں واڈا کو مکمل طور پر پابندی ختم کرنے اور کافی معاونت کیلیے مکمل رازداری برتنے کا اختیار ہوگا۔ واڈا نے نظرثانی شدہ کوڈ پر گورننگ باڈی کی 18 ماہ پر محیط تحقیق کے بعد نومبر میں منظوری دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔