پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی

ایڈیٹوریل  جمعـء 2 جنوری 2015
کراچی میں یہ بہانہ بنایا جا رہا ہے کہ چونکہ ٹرانسپورٹ سی این جی پر چلتی ہے اور سی این جی کے نرخوں میں کمی نہیں ہوئی اس لیے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے کراچی میں کمی کو مستردکر دیا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں یہ بہانہ بنایا جا رہا ہے کہ چونکہ ٹرانسپورٹ سی این جی پر چلتی ہے اور سی این جی کے نرخوں میں کمی نہیں ہوئی اس لیے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے کراچی میں کمی کو مستردکر دیا ہے۔ فوٹو: فائل

ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبائی حکومتوں کی طرف سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں سات سے آٹھ فیصد تک کمی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔ کرایوں میں کمی کا اطلاق نئے سال کے دوسرے دن سے ہو گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پانچ سے سات فیصد کمی کی گئی ہے۔ ادھر سندھ حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹ، انٹرسٹی بسوں اور ٹیکسیوں کے کرایوں میں آٹھ فیصد، لوڈنگ ٹرک نو فیصد جب کہ رکشہ کے نرخ ناموں میں دس فیصد کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اسکول بسوں کے کرایوں میں بھی بیس فیصد کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جب کہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کرایوں میں کمی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں آٹھ فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ریلویز نے بھی مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں پانچ فیصد کمی کر دی۔ مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں رد و بدل کے لیے غور و خوض جاری ہے۔ اعلان چند روز میں متوقع ہے۔ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی ایک اچھا فیصلہ ہے،اس سے بسوں اور ویگنوں میں سفر کرنے والے لوگوں کو خاصا فائدہ ملے گا۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے کرایوں پر عملدرآمد کرایا جائے، پاکستان میں یہ کلچر عام ہے کہ حکومت جن کرایوں کا اعلان کرتی ہے ،ٹرانسپورٹر زاس پر عمل نہیں کرتے۔

جس کی وجہ سے شہریوں اور ڈرائیورز کنڈیکٹرز کے درمیان لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔ کراچی میں یہ بہانہ بنایا جا رہا ہے کہ چونکہ ٹرانسپورٹ سی این جی پر چلتی ہے اور سی این جی کے نرخوں میں کمی نہیں ہوئی، اس لیے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے کراچی میں کمی کو مستردکر دیا ہے، اس کا مطلب یہی ہے کہ کراچی میں شہری ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہیں ہو گی۔ سندھ حکومت کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور کرایوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جانا چاہیے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔