القاعدہ کے دہشتگرد سمیت مزید 6 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 جنوری 2015
سزائے موت پر عمل درآمد 13 اور 15 جنوری کو ہوگا۔ فوٹو: فائل

سزائے موت پر عمل درآمد 13 اور 15 جنوری کو ہوگا۔ فوٹو: فائل

کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے القاعدہ کے دہشتگرد سمیت مزید 6 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے ہیں جنہیں ملک کی مختلف جیلوں میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔

کراچی جیل حکام نے صولت مرزا، محمد سعید، شفقت، ذوالفقارعلی، بہرام خان، طلحہ حسن، شاہد حنیف اور خلیل احمد نامی 8 مجرموں کی سزائے موت پر عمل درآمد کے لئے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جیل انتظامیہ نے  تحریری طور پر عدالتوں سے درخواست کی تھی کہ مجرمان کے بلیک وارنٹ جاری کئے جائیں تاکہ انہیں تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ جس پر عدالت نے 6 مجرمان ک ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔

عدالت کی جانب سے جاری کئے گئے ڈیتھ وارنٹس کے تحت شفقت حسین اور بہرام خان کو 13 جنوری کو سینٹرل جیل کراچی، شاہد حنیف اور خلیل احمد کو سکھر، ذوالفقارعلی کو 15 جنوری کو اڈیالہ جیل جبکہ محمد طلحہ کو 15 جنوری کو سکھر جیل میں پھانسی دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔