’انڈین آئیڈل سیزن فائیو‘‘ کی گلوکارہ ٹیاکر ٹی وی ڈرامہ ’’یہ ہے عاشقی‘‘ میں ہیروئن کا سٹ

قیصر افتخار  اتوار 4 جنوری 2015
’’ انڈین آئیڈل ‘‘ سے شروع ہونیوالے میوزک کا سفر کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، پہلی بار اداکاری کا تجربہ اچھا رہا، نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو ۔  فوٹو : فائل

’’ انڈین آئیڈل ‘‘ سے شروع ہونیوالے میوزک کا سفر کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، پہلی بار اداکاری کا تجربہ اچھا رہا، نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو ۔ فوٹو : فائل

لاہور: بھارتی چینل کے مقبول پروگرام ’’انڈین آئیڈل سیزن فائیو‘‘ کے ٹاپ 6 سنگرز میں شامل نوجوان گلوکارہ ٹیا کر نے گلوکاری کے ساتھ اداکاری بھی شروع کردی۔

وہ بھارتی چینل کے ڈرامہ ’’ یہ ہے عاشقی ‘‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔ انھوں نے یہ پراجیکٹ کچھ عرصہ قبل سائن کیا تھا اورآج سے یہ ڈرامہ بھارتی چینل سے ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ گلوکارہ ٹیاکر نے ’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ انڈین آئیڈل ‘سے شروع ہونے والے میوزک کا سفربڑی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے‘ میں نے انڈین آئیڈل کے بعد اپنے میوزک کیرئیر میں بھارت سمیت دنیا کے بیشترممالک میں ہونے والے میوزک کنسرٹس میں پرفارم کیا اور خوب داد سمیٹی۔ اس دوران میرے ساتھ انڈین آئیڈل میں ٹاپ 17گلوکار بھی شامل تھے اس لیے انڈین آئیڈل کا حصہ بنتے ہی قسمت کی دیوی مجھ پر ایسی مہربان ہوئی کہ پھر پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ ایک طرف تو میوزک کنسرٹس کا سلسلہ جاری تھا تودوسری جانب مجھے میوزک کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ اورایکٹنگ کی آفرز کی پیشکش بھی ہورہی تھی۔

مجھے ایک ڈرامہ میں مرکزی کردار کی آفرہوئی جس کی کہانی اورکردار سننے کے بعد میں نے کام کرنے کے لیے رضامندی ظاہرکردی۔ میں نے پہلی بار ایکٹنگ کی ہے اور یہ تجربہ بہت ہی اچھا رہا۔ جہاں مجھے ایک نئے شعبے میں کام کا موقع ملا تووہیں باصلاحیت اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھا بھی۔ شوبزسے وابستہ تمام شعبے بہت ہی مشکل ہیں ، لیکن میوزک کی طرح ایکٹنگ بھی ایک انتہائی مشکل کام ہے کیونکہ کردار اورکہانی کی ڈیمانڈ کوپور ا کرتے ہوئے جب تک ایک اداکاراس میں حقیقت کے رنگ نہیں بھرتااس وقت تک دیکھنے والے اس سے متاثر نہیں ہو پاتے۔ اس لیے مجھے میوزک سے زیادہ ایکٹنگ کرنا مشکل لگ رہا تھا لیکن ساتھی فنکاروں، میرے ڈائریکٹراورٹیم میں شامل تمام لوگوں نے بہت سپورٹ کی اورمیں نے تھوڑی بہت ایکٹنگ بھی کرڈالی۔

اب میرا پراجیکٹ ایک بھارتی چینل سے آج ٹیلی کاسٹ ہوگا جس کودیکھنے کے بعد ہی لوگوںکی جانب سے رسپانس سامنے آئے گا۔ میں نے اور میری پوری ٹیم نے اس ڈرامے کی کہانی کے مطابق بہترین کام کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ٹیاکر کہتی ہیں کہ جب ایکٹنگ کے شعبے میں قدم رکھ دیا ہے تو پھر فلموں میں بھی کام کرونگی۔ مجھے بالی وڈ سے ایک فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی ہے اورمعاملات طے ہونے کے بعد اس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاؤں گی جہاں تک بات میوزک کی ہے تواس کوکبھی نہیں چھوڑ سکتی، بلکہ جلد ہی بالی وڈ کے لیے بھی اپنی آواز کا جادوجگاؤں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔