تعلیمات نبویؐ پر عمل کرکے ہی انتہا پسندی سے چھٹکارا ممکن ہے، صدر و وزیر اعظم

ویب ڈیسک  اتوار 4 جنوری 2015
مسلمانوں کو درپیش مسائل کی ایک بڑی وجہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات سے روگردانی ہے، صدر ممنون حسین  فوٹو: فائل

مسلمانوں کو درپیش مسائل کی ایک بڑی وجہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات سے روگردانی ہے، صدر ممنون حسین فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انتہا پسندی اور تشدد سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عملدرآمد پر زور دیا ہے۔

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ حضرت محمدؐ انسانی محبت اور اخوت کا عظیم نمونہ تھے یہی وجہ ہے کہ انہیں رحمت اللعالمین اور انسانیت کے لئے ہدایت ورہنمائی کا منبع کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ مسلمانوں کو درپیش مسائل کی وجوہات پر غور کیا جائے جن میں ایک بڑی وجہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات سے روگردانی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں قوم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدؐ سے محبت اور احترام کے اظہار کا بنیادی تقاضا ہے کہ اتحاد، رواداری، بھائی چارے، ہم آہنگی، قربانی اور مصالحت سمیت سیرت طیبہؐ کے تمام پہلوؤں پر عمل کیا جائے جبکہ تعلیمات نبویؐ پر عمل کرکے ہی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی عفریت سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔