لیاری یونیورسٹی، جامعہ سندھ جامشورو وائس چانسلر کیلیے 3 نام وزیراعلیٰ کو بھجوادیے گئے

صفدر رضوی  منگل 6 جنوری 2015
لیاری یونیورسٹی میں اختربلوچ اور جامعہ سندھ میں ڈاکٹرعابدہ متوقع وی سی۔ فوٹو: فائل

لیاری یونیورسٹی میں اختربلوچ اور جامعہ سندھ میں ڈاکٹرعابدہ متوقع وی سی۔ فوٹو: فائل

کراچی: صوبے کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلرزکی تقرری کے لیے قائم تلاش کمیٹی نے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری اور جامعہ سندھ جامشورو میں نئے وائس چانسلرزکی تقرری کے لیے انٹرویوزمکمل کرلیے۔

انٹرویو مکمل کرکے دونوں جامعات کے لیے تین تین امیدواروں کے نام کا انتخاب کرکے اسے وزیراعلیٰ سندھ کوبھجوادیا ، دونوں جامعات میں وائس چانسلرکی تقرری کے لیے بھجوائے گئے ناموں میں سے ایک ایک نام کی منظوری کے بعدلیاری یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی جامشورومیں شیوخ الجامعہ کی تقرری کردی جائے گی جس کانوٹیفکیشن چانسلر سیکریٹریٹ گورنرہاؤس کی جانب سے جاری کیاجائے گا۔

واضح رہے کہ کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے وائس چانسلرکے عہدے کیلیے درخواست دینے والے 65 سال سے زائد عمرکے امیدواروں کی درخواستیں مستردکردیں تھیں ’’ایکسپریس‘‘کو معلوم ہوا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری میں وائس چانسلرکی تقرری کے لیے بھجوائے گئے، ناموں میں سے سرفہرست یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹراختربلوچ ہیں، جامعہ سندھ جامشورومیں بھجوائے گئے ناموں میں سرفہرست ڈاکٹرعابدہ طیرانی شامل ہیں، لیاری یونیورسٹی کے لیے بھجوائے گئے دیگردوناموں میں ڈاکٹر محمد مری اورڈاکٹراسد اللہ شاہ شامل ہیں۔

اسی طرح جامعہ سندھ میں دیگردوناموں میں ڈاکٹرعنایت اللہ شاہ اورڈاکٹررضا بھٹی شامل ہیں ، دونوں جامعات میں وائس چانسلرزکی تقرری کے لیے تلاش کمیٹی کا اجلاس  ہفتہ اور اتوارکومنعقد ہوا، تلاش کمیٹی کے اراکین میں ڈاکٹرعذراپیچوہو،جامعہ سندھ کے سابق وائس چانسلرمظہرالحق صدیقی اورحکومت سندھ کے سیکریٹری برائے جامعات اور تعلیمی بورڈز ممتاز شاہ شامل تھے،بیرون ملک ہونے کے سبب صوبائی ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹرعاصم حسین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔