روہڑی اور نارا کینال پر2 پاور پلانٹ لگائے جائیں گے، آصف زرداری نے سنگ بنیاد رکھ دیا

نمائندہ ایکسپریس  منگل 6 جنوری 2015
گڈواورسکھربیراج پرنئے منصوبے بنائے جائیں،سکھر بیراج کا اسٹرکچر تبدیل کیے بغیرمنصوبوں کےبارے میں اسٹڈی کی جائے،سابق صدر۔  فوٹو : ایکسپریس

گڈواورسکھربیراج پرنئے منصوبے بنائے جائیں،سکھر بیراج کا اسٹرکچر تبدیل کیے بغیرمنصوبوں کےبارے میں اسٹڈی کی جائے،سابق صدر۔ فوٹو : ایکسپریس

روہڑی: سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار بڑھانے اور ملک میں جاری بجلی کابحران ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بجلی پیداکرنے کے مزید منصوبے بنائے جائیں، گڈواورسکھربیراج پر بھی بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بنائے جائیں، روہڑی اور نارا کینال پر بنائے جانے والے پاور پروجیکٹ اہم منصوبے ہیں جو بجلی کی کمی پورا کرنے میں کارآمد ثابت ہوں گے جس کے نتیجے میں علاقے کے عوام کو بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبے میں بھی ترقی بھی حاصل ہوگی۔

روہڑی اور نارا کینال پر پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان 2 پاور پروجیکٹس کے علاوہ دیگر پاور پروجیکٹ بھی لگائے جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ گڈو بیراج پر بھی 40 میگا واٹ کے پاور پروجیکٹ کا منصوبہ بھی بنایا جائے گا۔ انھوں نے ہدایت دی کہ سکھر بیراج کے اسٹرکچر کو تبدیل کیے بغیر بجلی کے منصوبوں کی بارے میں بھی اسٹڈی کی جائے۔ انھوں نے دونوں پاور پروجیکٹس کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ انرجی پاور پروجیکٹ خورشید جمالی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ روہڑی کینال کی آرڈی 15 پر 36.4 ملین ڈالر کی لاگت سے 9 میگا واٹ کا پاور پروجیکٹ اور نارا کینال کی آرڈی 26 پر 47.7 ملین ڈالرکی لاگت سے 15 میگاواٹ کا پاور پروجیکٹ ڈھائی سال کے عرصے میں مکمل ہوں گے اور دونوں پاور پروجیکٹس کی بجلی11 کے وی میں شامل کی جائے گی ۔

جس سے سکھر اور ارد گرد کے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا، اس سے قبل محکمہ توانائی سندھ نے سولر اور ونڈ پاور پروجیکٹ کے ذریعے مختلف منصوبے شروع کردیے ہیں۔ اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، بختاور بھٹو زرداری، صوبائی وزیر خزانہ و توانائی مراد علی شاہ، صوبائی وزیر جام مہتاب حسین ڈھر، رکن سندھ اسمبلی سید ناصر حسین شاہ ودیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور سرکاری میڈیا کے علاوہ نجی میڈیاکو کوریج سے روک دیا گیا تھا۔ دوسری جانب روہڑی میں سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے روہڑی کینال کی آرڈی 15 پر 36.4 ملین ڈالر کی لاگت سے 9 میگا واٹ کا پاور پروجیکٹ اور نارا کینال کی آرڈی 26 پر 47.7 ملین ڈالر روپے کی لاگت سے 15 میگاواٹ کے پاور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے دوران روہڑی شہر میں دن بھر بلاجواز کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کاسلسلہ جاری رہا اور وقفے وقفے سے بجلی کی آنکھ مچولی سے کاروباری وگھریلو زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کافی عرصے سے روہڑی شہر کے مختلف علاقوں میں بلاجواز کئی کئی گھنٹے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اوروقفے وقفے سے بجلی کی آنکھ مچولی کاسلسلہ جاری ہے شہریوںکی جانب سے بارباربجلی کی بندش کے حوالے سے جب سیپکو آفس میں رابطہ کیاجاتاہے تو حسب معمول فنی خرابی کا جواز بتایا جاتاہے۔ اس سلسلے میں شہریوں نے سیپکو کے اعلی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ روہڑی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بلاجواز بجلی کی آنکھ مچولی کاسلسلہ بند کرایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔