امین فہیم کی زرداری سے ملاقات کے بعد وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کیلیے خطرہ ٹل گیا

عبدالرزاق ابڑو  منگل 6 جنوری 2015
مخدوم جمیل الزماں کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، باضابطہ طور پر وزارت دوبارہ سنبھال لی۔ فوٹو: فائل

مخدوم جمیل الزماں کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، باضابطہ طور پر وزارت دوبارہ سنبھال لی۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اختلافی معاملات حل ہونے کے بعد ان کے بیٹے مخدوم  جمیل الزماں نے پیر کو وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی اور4 ماہ سے وزارت سے اپنی عملی لاتعلقی ختم کرتے ہوئے دوبارہ باضابطہ طور پر وزارت سنبھال لی۔

اس صورتحال کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اطمینان کا سانس لیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف متوقع تحریک عدم اعتماد کا خطرہ بھی ٹل گیا۔ ذرائع کے مطابق اختلافات کا خاتمہ اتوار کو بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے  مخدوم امین فہیم کی تفصیلی ملاقات کے دوران ہوا۔ ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیمکی آصف زرداری سے ون ٹو ون ملاقات کے بعد بات چیت کے دوسرے دور میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بھی شرکت کی جس میں مخدوم امین فہیم کے فرزند جمیل الزماں بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران مخدوم امین فہیم کو یقین دہانی کرائی گئی کہ آئندہ پارٹی کے تمام تنظیمی معاملات ان کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم کو یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے فرزند صوبائی وزیر برائے ریونیو و ریلیف مخدوم جمیل الزماں کے محکموں میں غیر متعلقہ افراد کی مداخلت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ مخدوم جمیل الزماں گذشتہ 4 ماہ سے زائد عرصے سے غیر فعال وزیر بنے ہوئے تھے، اس دوران انھوں نے صوبائی کابینہ کے کسی اجلاس شرکت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم کو یہ بھی شکایت تھی کہ سرکاری عہدوں پر فائز ان کے بیٹوں کو بھی آزادانہ طور پر کام کرنے نہیں دیا جارہا۔ امین فہیم کے ایک فرزند شکیل الزماں ممبر بورڈ آف ریونیو ہیں جبکہ دوسرے فرزند عقیل الزماں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امین فہیم کو اس حوالے سے بھی کچھ یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری سے ملاقات کے دوران امین فہیم نے اپنے تحفظات اور شکایات سے انھیں آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امین فہیم نے کہا کہ آصف زرداری کوحکومت سے متعلق عوامی شکایات سے آگاہ کردیا ہے، میں پارٹی کا صدر ہوں جہاں بھی کوئی خامی دیکھوں گا وہاں اصلاح کیلیے بات ضرور کروں گا۔ انھوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش نہیں ہوگی سندھ میں فارورڈ بلاک کے متعلق مجھے کوئی علم نہیں، میرے پارٹی سے کوئی اختلافات نہیں، ہمارا اور پارٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے جو کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔ ایک سوال پر امین فہیم کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں سے متعلق وہ پارٹی موقف کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اپنے آبائی علاقے ہالا میں اپنے والد مخدوم طالب المولیٰ کے نام سے یونیورسٹی بنائی جائے گی جس کا باضابطہ اعلان 11 جنوری کو والد کی برسی کے موقع پر کروںگا۔ دریں اثنا ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے صوبائی وزیر ریونیو، ریلیف و بحالی مخدوم جمیل الزماں نے پیر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں کو تھر میں بحالی کے کام کی نگرانی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر جمیل الزماں کے صاحبزادے محبوب الزماں بھی انکے ہمراہ تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔