بلدیہ عظمیٰ کا کرائے کی عدم ادئیگی پر 47 شادی ہالوں کو سیل کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 8 جنوری 2015
پی ٹی سی ایل نے نجکاری کمیشن کے ذریعے واجب الادا 5 کروڑ 12 لاکھ روپے ادا کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا، رضوان خان۔ فوٹو: فائل

پی ٹی سی ایل نے نجکاری کمیشن کے ذریعے واجب الادا 5 کروڑ 12 لاکھ روپے ادا کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا، رضوان خان۔ فوٹو: فائل

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اورنگی ٹاؤن پروجیکٹ کی بھرپورکوششوں کے نتیجے میں کے الیکٹرک اورپی ٹی سی ایل نے زمین کی قیمت اورگراؤنڈ رینٹ کی مد میں پروجیکٹ کو6کروڑ37لاکھ روپے کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی،47 شادی ہالوں کو گراؤنڈ رینٹ کی مد میں عدم ادائیگی پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

محکمہ پولیس سے 33 ملین روپے سے زائد ریکوری میں عدم تعاون پر فوکل پرسن ریکوریز کو وارننگ سمیت ایک ہفتے کی مہلت دیدی گئی، تفصیلات کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رضوان خان کے ہمراہ اجلاس کے دوران کے الیکٹرک نے اورنگی ٹاؤن کے2گرڈ اسٹیشنز کے گراؤنڈ رینٹ اور لیز سمیت دیگر مدوں میں سوا کروڑ روپے کی ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کی ہے، پی ٹی سی ایل نے نجکاری کمیشن کے ذریعے واجب الادا 5کروڑ 12 لاکھ روپے ادا کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اورنگی ٹاؤن پروجیکٹ رواں ماہ ان دونوں اداروں سے 6 کروڑ 37 لاکھ روپے حاصل کریگا۔

دریں اثنا اورنگی ٹاؤن پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رضوان خان کی صدارت میں منعقد ہونے والے محکمہ جاتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ غربی نے بھی واجب الادا 33 ملین روپے کی رقم ادا نہیں کی جس کا نوٹس اے جی پی آر نے بھی لے لیا،آڈٹ پیرے کے جواب میں بلدیہ غربی کے عدم تعاون سے آگاہ کردیا جائے گا، فوکل پرسن بھی براہ راست ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سے ملاقات کرکے رقم کی ادائیگی کو یقینی بنائیں گے، 47 شادی ہالوں کو گراؤنڈ رینٹ کی مد میں چالان جاری کیے گئے تھے جس سے 52 لاکھ روپے حاصل ہونے تھے۔

اس پرلیگل ایڈوائزر اور افسران مجسٹریٹ غربی ڈپٹی کمشنر آفس کے ساتھ مل کر شادی ہالوں کو سیل کریں گے، پروجیکٹ  ڈائریکٹر خود اس کام میں حصہ لیں گے، ویٹرنری، ہیلتھ سندھ ، ہیلتھ کے ایم سی پر واجب الادا رقم کی وصولی کیلیے دوبارہ خط لکھ دیے گئے ہیں جس میں تاخیر کی صورت میں قانونی ایکشن لیا جائے گا،کے الیکٹرک کی جانب سے گلشن ضیا گرڈ اسٹیشن کیلیے 2کروڑ 25 لاکھ روپے کی ادائیگی سے بچنے کیلیے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر سے دستبرداری کی اطلاع پر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کی منظوری سے آکشن کرانے کیلیے پروپوزل کو حتمی شکل بھی دی گئی۔

انسداد تجاوزات اورنگی کی جانب سے ایک کروڑکے ہدف کوحاصل کرنے کیلیے جاری کیے گئے چالانوں کی عدم ادائیگی کے حامل افراد کے خلاف کارروائی کیلیے مجسٹریٹ کو خط لکھ کر کارروائی شروع کی جارہی ہے،اورنگی ٹاؤن پروجیکٹ نے ایک کروڑ20لاکھ روپے اب تک مختلف مدات میں جمع کرادیے ہیں جبکہ دیگروصولیوں کیلیے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے،اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیس ڈپارٹمنٹ نے جلد اعلیٰ افسران سے اجازت کے بعد رقم کی ادائیگی کا کہا ہے۔

واضح رہے کہ بلدیہ غربی نے اب تک 33 ملین کی ادائیگی کیلیے اقدامات نہیں کیے نہ ہی ادارے کو کسی بھی قسم کا جواب دیا ہے،جواب نہ ملنے کی صورت میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو خط لکھ دیا جائے گا، اجلاس میں لیگل ایڈوائزر برائے اورنگی عبدالحکیم لغاری،ایڈیشنل ڈائریکٹر مظہر خان، عاطف جاوید اکاؤنٹس آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹرز جمال اختر، سہیل مشتاق، سید محمد جاوید،انسداد تجاوزات کے محمد فہیم خان اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد کاشف ( پلانڈ ایریا) اویس) عقیل احمد (کچی آبادی)، منان قائم خانی، معین احمد، سہیل احمد ، محمد جاوید( اے ڈی)، شکیل احمد، رضوان مغل و دیگر نے شرکت کی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔