ایک ماہ کے دوران ملک میں دوسرا بڑا بریک ڈاؤن، بیشتر علاقوں کی بجلی بند

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جنوری 2015
21 دسمبر کو بھی گدو، دادو ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی تھی۔ فوٹو؛فائل

21 دسمبر کو بھی گدو، دادو ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی تھی۔ فوٹو؛فائل

لاہور: ملک میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران بجلی کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں کی بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مطابق آج صبح 5 بجے کے قریب 500 اور 220 کے وی کی گدو، دادو ٹرانسمیشن لائن اوس کی وجہ سے ٹرپ کرگئی جس کی وجہ سے ملک کے بجلی کی فراہمی کا نظام بیٹھ گیا اور ملک کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔ بجلی کا نظام ٹرپ کرنے سے پنجاب میں راولپنڈی سے ملتان، سندھ میں سکھر سے حیدرآباد اور بلوچستان کے بیشتر علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔  واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے، ہنگامی طور پر کئے گئے اقدامات سے کئی مقامات پر بجلی بحال ہوگئی ہے تاہم مکمل بحالی میں اب بھی کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 21 دسمبر کو بھی اسی ٹرانسمیشن لائن میں آنے والی فنی خرابی کے باعث کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں 8 گھنٹوں سے زائد دورانیے تک بجلی کی فراہمی بند ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔