عمران خان نے شادی کی پیش کش کی جس پر انکار نہ کرسکی، ریحام خان

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جنوری 2015
ذاتی زندگی میں صحافت اور سیاست کو دور رکھنے کا ارادہ ہے،ریحام خان، فوٹو: پی ٹی آئی

ذاتی زندگی میں صحافت اور سیاست کو دور رکھنے کا ارادہ ہے،ریحام خان، فوٹو: پی ٹی آئی

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مجھے پرپوز کرتے ہوئے شادی کی پیش کش کی اور ان کی شخصیت سے اتنی متاثر تھی کہ شادی سے انکار نہیں کرسکی۔

عمران خان کی منکوحہ بننے کے بعد ایک انٹرویو کے دوران اپنے پہلے بیان میں ریحام خان نےکہا کہ عمران خان عام پاکستانی مردوں سے بہت مختلف ہیں وہ سادہ طبیعت اور بہت رحم دل شخص ہونے کے ساتھ بہترین افراد میں بھی بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھے پرپوز کیا اور شادی کی پیش کش کی  جب کہ میں ان کی شخصیت سے اتنی متاثر تھی کہ شادی سے انکار نہیں کرسکی، میں اپنے بچوں کے لیے رول ماڈل چاہتی تھی اور عمران خان تمام والدین کے لیے رول ماڈل ہیں۔

ریحام خان نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے زیادہ بچوں کی اہمیت ہے، ہم دونوں میں اپنے بچوں کا خیال رکھنا اور ان کی دیکھ بھال کرنا مشترک ہے، گھر میں میرا کردار ماحول کو اچھا رکھنا ہوگا تاکہ گھر کا ماحول خوشگوار رہے جب کہ مجھے سیاست میں کوئی خاص دلچسپی نہیں میں اپنا کام اور پروگرام جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی میرے کام پر اعتراض نہیں کیا اور نہ میں ان کے کام میں مداخلت کرتی ہوں، ذاتی زندگی میں صحافت اور سیاست کو دور رکھنے کا ارادہ ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان اور ریحام خان کے نکاح کی سادہ تقریب عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہوئی جہاں ریحام خان کی چاروں نندوں نے شرکت نہیں کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔