ریحام خان تحریک انصاف میں بھی متحرک کردار ادا کریں گی

 جمعـء 9 جنوری 2015
ریحام کے بعد اب عمران خان کی بڑی بہن علیمہ خان کا تحریک انصاف کی سیاست میں عمل دخل محدود ہو جائے گا۔ فوٹو : فائل

ریحام کے بعد اب عمران خان کی بڑی بہن علیمہ خان کا تحریک انصاف کی سیاست میں عمل دخل محدود ہو جائے گا۔ فوٹو : فائل

لاہور: عمران خان سے شادی کے بعد ریحام خان تحریک انصاف میں بھی فعال کردار ادا کریں گی اور نواز شریف کی حکومت کے خلاف اپنے شوہر عمران خان کی احتجاجی تحریک میں اسی طرح سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی۔

جس طرح سے کلثوم نواز نے اپنے شوہر کی رہائی کیلئے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کردار ادا کیا تھا۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق ریحام خان پارٹی میں متحرک کردار ادا کریں گی اور ان کے آنے کے بعد اب عمران خان کی بڑی بہن علیمہ خان کا تحریک انصاف کی سیاست میں عمل دخل محدود ہو جائے گا۔

تحریک انصاف کے بعض رہنما شادی کی ٹائمنگ سے زیادہ خوش نہیں ہیں، ان کے خیال میں17جنوری کو اسلام آباد کے احتجاجی جلسے میں نئی احتجاجی تحریک کے اعلان کے بعد حکومت اس شادی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر تحریک انصاف کے خلاف استعمال کر سکتی۔ تحریک انصاف کے شعبہ خواتین کی رہنماؤں نے ریحام خان سے تعلقات استوار کرنے کے لئے راستے تلاش کرنا شروع کر دیئے ہیں جب کہ پارٹی کے کئی اہم رہنما اپنے چیئرمین اور انکی دلہن کے لئے قیمتی تحائف کی سلیکشن اور خریداری میں مصروف ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔