پشاور کا آرمی پبلک اسکول 12 جنوری سے دوبارہ کھولنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جنوری 2015
اسکول کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اسکول کا تعمیراتی کام بھی تقریبا مکمل ہوچکا ہے، سیکیورٹی ذرائع  فوٹو: فائل

اسکول کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اسکول کا تعمیراتی کام بھی تقریبا مکمل ہوچکا ہے، سیکیورٹی ذرائع فوٹو: فائل

پشاور: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد آرمی پبلک اسکول اور کالج کی انتظامیہ نے 12 جنوری سے دوبارہ اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ پشاور کے بعد 5 جنوری کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دفعہ 144 کے تحت اسکول کھولنے پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے اب ضلعی انتظامیہ نے ہٹا لیا ہے اور سانحے کے تقریبا ایک ماہ بعد 12 جنوری کو اسکول کے طالبعلم ایک بار پھر اپنی علم کی پیاس بجھانے کے لئے اسکول کا رخ کریں گے جب کہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اسکول کا تعمیراتی کام بھی تقریبا مکمل ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو دہشت گردوں کی جانب سے پشاور کے آرمی پبلک اسکول و کالج پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 132 بچوں سمیت 144 افراد شہید ہوئے تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تمام حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔