مذہبی جنونی پورے ملک میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو قتل کر رہے ہیں، رابطہ کمیٹی

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جنوری 2015
کراچی میں طالبان سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کی کھیپ موجود ہے، حیدر عباس رضوی فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی میں طالبان سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کی کھیپ موجود ہے، حیدر عباس رضوی فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم طالبانائزیشن کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہی ہے لیکن ہمارے کارکنان اور منتخب نمائندوں کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کراچی میں طالبان سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کی کھیپ موجود ہے اس کے باوجود ایم کیو ایم طالبانائزیشن کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہی ہے لیکن ہمارے کارکنوں، منتخب نمائندوں کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور مذہبی جنونیت کے خلاف آواز اٹھانے کی ایم کیو ایم کو قیمت چکانی پڑرہی ہے۔

حیدرعباس رضوی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بغاوت کا اعلان کرنے والوں کے لئے قوانین آچکے ہیں اس لئے اسلام کا نام لے کر دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف قومی سلامتی کے ادارے کارروائی کریں اور تمام جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے جب کہ ہم آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی مطالبہ کرتے ہیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔