ڈومیسٹک کرکٹ میں ناقص امپائرنگ کا پول کھل گیا

سلیم خالق  اتوار 11 جنوری 2015
ٹیسٹ امپائرز ضمیرحیدر اور ریاض الدین کو بھی قائد اعظم ٹرافی میں کئی غلط فیصلوں کے سبب پینٹنگولرکپ سے دور رکھا گیا فوٹو: فائل

ٹیسٹ امپائرز ضمیرحیدر اور ریاض الدین کو بھی قائد اعظم ٹرافی میں کئی غلط فیصلوں کے سبب پینٹنگولرکپ سے دور رکھا گیا فوٹو: فائل

کراچی: پینٹنگولر کپ کے میچز ٹیلی کاسٹ ہونے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں ناقص امپائرنگ کا پول کھل گیا۔

بیشتر میچز میں کئی غلط فیصلے کیے گئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیسٹ امپائرز ضمیرحیدر اور ریاض الدین کو بھی قائد اعظم ٹرافی میں کئی غلط فیصلوں کے سبب ایونٹ سے دور رکھا گیا، جب سینئرز کا یہ حال ہو تو اس سے جونیئرز کی پرفارمنس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقربا پروری اور پسند ناپسندکو ترجیح دینے کے سبب پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ سے زیادہ ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا، امپائرنگ کا معیار بھی دن بہ دن پستی کی جانب گامزن اور یہی وجہ ہے کہ علیم ڈار جیسا نام کوئی اور ملکی امپائر نہیں کما سکا، اسد رؤف نے اپنی ساکھ آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں گنوا دی۔ ان دنوں کراچی میں جاری پینٹنگولرکپ ٹیلی کاسٹ ہونے سے امپائرنگ کے معیار کی قلعی کھل گئی،کئی میچز میں اتنے غلط فیصلے سامنے آئے جس سے شائقین سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

اس سے بخوبی علم ہوتا ہے کہ جو میچز ٹی وی پر نہیں دکھائے جاتے ان میں کیا ہوتا ہوگا، دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیسٹ امپائر ریاض الدین اور کچھ عرصے قبل تک آئی سی سی پینل میں شامل ضمیرحیدر بھی ناقص کارکردگی کے سبب پینٹنگولر کپ سے باہر ہیں،ذرائع نے بتایا کہ قائد اعظم ٹرافی میں انکے بعض غلط فیصلوں کی ٹیم آفیشلز نے بمعہ ثبوت بورڈ سے شکایت کی تھی، ویسے تو حکام ایسی باتوں کا نوٹس نہیں لیتے لیکن ٹیلی ویژن پر میچز آنے کے سبب کوئی خطرہ مول نہیں لیا۔ اس وقت پی سی بی کرکٹ کمیٹی میں شامل شکیل شیخ اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر جبکہ اقبال قاسم نیشنل بینک سے وابستہ ہیں، ان دونوں کی ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ لیتی جبکہ انہی کو ایونٹس کے وینیوز اور امپائرز کی تقرری کے اختیارات بھی حاصل ہیں۔اسی طرح جونیئر چیف سلیکٹر باسط علی سوئی گیس، سینئر سلیکٹر وجاہت اﷲ واسطی زیڈٹی بی ایل اور شعیب محمد پی آئی اے کی ٹیموں میں اہم پوزیشنز رکھتے ہیں۔

دوسری جانب اس حوالے سے جب منیجر ڈومیسٹک ثاقب عرفان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ڈائریکٹر انتخاب عالم سے بات کرنے کا کہا جنھوں نے کال ریسیو نہیں کی۔ البتہ پی سی بی کے ترجمان نے یہ دلچسپ تبصرہ کیاکہ ریاض اور ضمیر پر پابندی نہیں لگی مگر پینٹنگولر کپ کیلیے قائد اعظم ٹرافی کے8بہترین آفیشلز کا انتخاب کیا گیا۔ کرکٹ حلقوں کے مطابق جس ملک کے بورڈ الیٹ پینل میں شامل آفیشل ٹاپ8میں نہیں آتے وہاں کی امپائرنگ کا اﷲ ہی حافظ ہے۔ اسی طرح انٹرنیشنل تقرریوں میں بھی میرٹ اور سینیارٹی کا خیال نہیں رکھا جا رہا، اس کا ثبوت سابق فرسٹ کلاس کرکٹر راشد ریاض اور فاروق علی خان کی یو اے ای میں جاری پاک سری لنکا سیریز میں پوسٹنگ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔