کراچی سپرہائی وے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 11 جنوری 2015
جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

کراچی: سپر ہائی وے پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسافر بس کراچی سے شکارپور جارہی تھی کہ سپر ہائی وے سے چند کلو میٹر دور کاٹھور لنک روڈ پر مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے اس کا تصادم ہو گیا جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی، بس میں 70 کے قریب مسافر سوار تھے جن میں سے چند جان بچانے میں کامیاب ہوئے لیکن متعدد افراد اندر پھنسے رہ گئے جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 35 افراد جھلس کر موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پایا جب کہ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل ہیں۔

جناح اسپتال کی شعبہ ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 62 ہو چکی ہے جب کہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے متعدد افراد کی لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث شناخت کے قابل نہیں ہیں جن کی شناخت ڈی این کے ذریعے کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔