فرانسیسی وزیراعظم نے پیرس حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کااعتراف کرلیا

خبر ایجنسیاں  اتوار 11 جنوری 2015
القاعدہ نے مزید حملوں کی دھمکی دے دی ہے،مینوئل والز۔ فوٹو:فائل

القاعدہ نے مزید حملوں کی دھمکی دے دی ہے،مینوئل والز۔ فوٹو:فائل

پیرس: فرانسیسی وزیراعظم مینوئل ولاس نے حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کااعتراف کرلیا ہے جب کہ القاعدہ نے مزید حملوں کی دھمکی دے دی ہے۔

فرانسیسی وزیراعظم مینوئل ولاس نے اعتراف کیا کہ پیرس حملے کے بارے میں انٹیلی جنس بری طرح ناکام رہی، کسی انٹیلی جنس ایجنسی نے حکومت کوحملے کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ فرانسیسی انٹیلی جنس دہشت گردی کے بارے میں معلومات کے حصول میں واضح طور پرناکام ہوچکی ہے۔ دوسری جانب القاعدہ کاکہنا ہے کہ پیرس میں حملہ ان کے گروپ میں شامل افراد نے کیا۔ القاعدہ کا کہنا ہے کہ فرانس سمیت یورپی میں مزیدحملے کیے جائیں گے۔

القاعدہ کی دھمکی بعد برطانیہ میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے دہشت گرد حملوں کوچیلنج قرار دیتے ہوئے ان کی روک تھام کے لیے اضافی اختیارات دینے کی ہدایت کردی۔ برطانوی انٹیلی جنس حکام نے خبردار کیا کہ القاعدہ مغرب میں ٹرانسپورٹ کے نظام کونشانہ بناسکتی ہے۔انٹیلی جنس حکام کے انتباہ کے بعدانتظامیہ نے سیکیورٹی اہلکاروں کوتمام وسائل مہیا کرنے کااعلان کرنے کی ہدایت کی ہے، داخلی راستوں پر لوگوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جائے گی تاکہ دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں کو ناکام بنایاجاسکے۔ حکام کے مطابق  600 برطانوی انتہا پسند شام گئے ہیں اور وہ وہاں مسلح گروپوں میں شامل ہو کر دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔