کابل میں افغان قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ قاتلانہ حملے میں شدید زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 11 جنوری 2015
قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ پر حملہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، افغان پولیس۔ فوٹو: فائل

قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ پر حملہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، افغان پولیس۔ فوٹو: فائل

کابل: افغان قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ محمد یوسف کارغر  قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا  گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن چیمپئن شپ جیتنے والی افغان ٹیم کے کوچ محمد یوسف کارغر دارالحکومت کابل میں واقع اپنی رہائش گاہ سے جیسے ہی باہر نکلے تو گھات لگائے بیٹھے حملہ آور  نے ان پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجے وہ شدید زخمی ہوگئے جب کہ حملہ آور شخص موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق افغان فٹبال ٹیم کے کوچ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے کی تلاش کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے تاہم واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

دوسری جانب اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ یوسف کارغر کے جسم پر چاقووں کے گہرے زخم آئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی  جارہی ہے۔

واضح رہے کہ افغان فٹ بال ٹیم کے کوچ یوسف کارغر 2001 کے بعد سے ملک میں فٹ بال کی بحالی کے لئے سرگرم ہیں اور 2013 میں ان کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی افغان ٹیم نے کھٹمنڈو میں ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپئن شپ میں بھارت کو شکست دے کرٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔