ثنا میر نے سری لنکن ٹیم کے چھکے چھڑادیئے، پاکستان فتحیاب

اسپورٹس ڈیسک  پير 12 جنوری 2015

شارجہ: دوسرے ون ڈے میں ثنامیر نے آل راؤنڈ پرفامنس دیکر سری لنکن ٹیم کے چھکے چھڑادیے، پاکستان ویمنز ٹیم نے مقابلہ 12 رنز سے جیت کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ویمنز ون ڈے سیریز میں 2-0 کی حتمی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ آئی سی سی چیمپئن شپ اسٹیٹس حاصل ہونے کی بدولت اس کامیابی سے گرین شرٹس کے ہاتھ دو قیمتی پوائنٹس بھی آئے ہیں جوکہ ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے میں اس کے کام آئیں گے، 139 رنز ہدف کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 126 رنز پر آؤٹ ہوگئیں۔

سورنگیکا نے سب سے زیادہ 38 رنز اسکور کیے جبکہ پراسادنی ویراکوڈے 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، ڈبل فیگر میں جانے والی باقی دو پلیئرز انوکا رانا ویرا (12) اور چماری اتاپتو (11) تھیں، سعدیہ یوسف اور بسمہ معروف نے تین تین جبکہ ثنا میر نے دو وکٹیں لیں، سمعیہ صدیقی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اس سے پہلے پاکستان نے 9 وکٹ پر 138 رنز اسکور کیے۔ کپتان ثنا میر نے سب سے زیادہ 34 اور نین عابدی نے 29 رنز بنائے، اسماویہ اقبال بھی 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ سوگندیکا کماری نے تین جبکہ ایشانی کوشلیا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آل راؤنڈ پرفارمنس پر ثنا میر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔ تیسرا اور آخری ون ڈے منگل کو کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔