اوباما کے دورہ بھارت پر 150 پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ

آئی این پی  پير 12 جنوری 2015
افسوس ہے اس مرتبہ پاکستانی زائرین عرس میں شریک نہیں ہوں گے، درگاہ منیجر۔ فوٹو: فائل

افسوس ہے اس مرتبہ پاکستانی زائرین عرس میں شریک نہیں ہوں گے، درگاہ منیجر۔ فوٹو: فائل

کراچی / آگرہ: بھارت نے 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزے منسوخ کردیے جنھیں  آگرہ میں حافظ عبداللہ شہابؒ کے سالانہ عرس میں شرکت کرنا تھی۔

بھارتی انٹیلی جنس یونٹ (لیو) نے حکومت سے 150 سے زائد پاکستانی زائرین کے ویزوں کی منسوخی کی درخواست کی ہے ۔ یہ اقدام امریکی صدر باراک اوباما کے دورے کے دوران سیکیورٹی کویقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ رواں برس بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں امریکی صدر  مہمان خصوصی ہیں ۔ وہ تاج محل دیکھنے کے لیے آگرہ کا دورہ کرسکتے ہیں۔

انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کی ضرورت پڑے گی۔ ایس ایس پی آگرہ مودک راجیس دنیش راؤ کا کہنا ہے کہ اوباما کا دورہ شیڈول ہے اور ہم  کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے اسی وجہ سے  پاکستانی زائرین کے ویزوں کی منسوخی کا آغاز کررہے ہیں۔ درگاہ منیجر نے بتایا کہ افسوس  ہے اس مرتبہ پاکستانی زائرین عرس میں شریک نہیں ہوں گے۔ عرس کی تقریبات 24 سے 26 جنوری تک جاری رہیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔