افغان صدر اشرف غنی نے 3 ماہ بعد نئی کابینہ کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  پير 12 جنوری 2015
افغان کابینہ میں 3 خواتین بھی شامل ہیں  جب کہ صلاح الدین ربانی کو وزیرخارجہ نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

افغان کابینہ میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ صلاح الدین ربانی کو وزیرخارجہ نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

کابل: افغان صدر اشرف غنی نے 3 ماہ بعد اپنی نئی کابینہ کا اعلان کردیا ہے جس میں 25 وزرا شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ کی زیرصدارت  کابل میں ہونے والے اجلاس کے بعد 25 رکنی کابینہ کا اعلان کردیا گیا جس کی پارلیمنٹ سے منظوری لینا ہو گی۔  کابینہ میں 3 خواتین بھی شامل ہیں  جب کہ صلاح الدین ربانی کو وزیرخارجہ نامزد کیا گیا ہے جو سابق صدر برہان الدین ربانی کے بیٹے ہیں جن کو 2011 میں ایک خودکش حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا، نو منتخب کابینہ میں زیادہ تر نئے افراد شامل کئے گئے ہیں جو افغانستان میں  برسوں سے جاری سیاسی لڑائی اور جنگ کا مستقل حصہ نہیں رہے۔

واضح رہے کہ اشرف غنی نے 25 ستمبر کوصدارت کے منصب کا حلف اٹھایا تھا اور کابینہ کی منظوری میں تاخیر کی وجہ سے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ قومی اتحاد کی صورت میں تشکیل پانے والی حکومت اس مسئلے پر ختم ہوجائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔