زخمی جنید خان کی ایم آر آئی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

ویب ڈیسک  جمعـء 16 جنوری 2015
گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران بولنگ کراتے ہوئے پاؤں سلپ ہونے کے باعث جنید خان کی کہنی اور کولہے پر چوٹ آئی۔  فوٹو: فائل

گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران بولنگ کراتے ہوئے پاؤں سلپ ہونے کے باعث جنید خان کی کہنی اور کولہے پر چوٹ آئی۔ فوٹو: فائل

لاہور: ورلڈ کپ سے قبل سعید اجمل اور محمد حفیظ پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باعث پاکستان کو بولنگ کے شعبے میں پہلے ہی شدید مشکلات کا سامنا درپیش تھا جب کہ جنید خان کی انجری نے قومی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور ان کی ایم آر آئی رپورٹ غیر تسلی بخش آنے کے باعث جنید خان کی ورلڈ کپ میں شمولیت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنید خان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ورلڈ کپ کے لئے لگائے گئے تربیتی کیمپ کے دوران بولنگ کرا رہے تھے کہ پاؤں سلپ ہونے کے باعث گر گئے جس سے ان کی کہنی اور کولہے پر چوٹ آئی، قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو کے مشورے پر جنید خان کا ایم آر آئی ٹیسٹ کراگیا جس کی رپورٹ کرکٹ بورڈ کو موصول ہوگئی ہے اور اس کے مطابق جنید خان کی ٹیسٹ رپورٹ حوصلہ افزا نہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب جنید خان کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ شاید وہ اب ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ نہ بن سکیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے اس قسم کی اطلاعات درست نہیں اور جنید خان جلد فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔