پالیسی سازی کیلیے تجارتی تحقیقی مرکز بنارہے ہیں، خرم دستگیر

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 16 جنوری 2015
ادارہ ملک کے معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے وفاقی اور صوبائی اداروں کے افسران کو تربیت دے رہا ہے اور اب اس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: فائل

ادارہ ملک کے معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے وفاقی اور صوبائی اداروں کے افسران کو تربیت دے رہا ہے اور اب اس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزارت تجارت میں پالیسی سازی کے لیے تجارتی تحقیقی مرکز قائم کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کے معاشی اور تجارتی فیصلے تحقیق اور زمینی حقائق کی بنیاد پر کیے جاسکیں، اس مقصد کے لیے قابل محققین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ کے دورے کے موقع اور ادارے کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بروقت اور مستند تحقیق درست فیصلوں کے لیے انتہائی اہم ہے، تحقیق کی بنیاد پر معاشی فیصلوں کے لیے اداراجاتی میکنزم قائم کر رہے ہیں تاکہ ملکی تجارتی اور معاشی فیصلہ سازوں کو درست اعداد وشمار اور ان پر مبنی تجزیات میسر ہوں اوروہ درست اور بروقت فیصلے کرسکیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل انجم اسد امین نے ادارے کی تحقیقی سرگرمیوں اور مستقبل کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ ادارے کو علاقائی تجارتی تحقیق اور ٹریننگ کا مرکز بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ادارے میں افغانستان، نیپال اور سری لنکا کے تجارتی افسران کو تجارت کے مختلف موضوعات پر جدید خطوط پر تربیت دی جائے گی، ادارہ ملک کے معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے وفاقی اور صوبائی اداروں کے افسران کو تربیت دے رہا ہے اور اب اس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔