پنجاب کے بعد اب کراچی میں بھی پیٹرول نایاب ہونے لگا

ویب ڈیسک  پير 19 جنوری 2015
 بیشتر پمپس پر پیٹرول ہوتے ہوئے بھی شہریوں کو نہیں دیا جارہا ہے، فوٹو:فائل

بیشتر پمپس پر پیٹرول ہوتے ہوئے بھی شہریوں کو نہیں دیا جارہا ہے، فوٹو:فائل

کراچی: پنجاب میں پیٹرول کی قلت کے بعد اب کراچی میں بھی پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب میں پیٹرول کی قلت کے بعد کراچی میں بھی عوام کے لیے پیٹرول نایاب ہوتا جارہا ہے جہاں شہر کے بیشتر پمپس پر پیٹرول کا مصنوعی بحران پید اکرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے سبب عوام کی بڑی تعداد پیٹرول کے حصول کے لیے پریشان نظر آتی ہے۔ کراچی میں ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقوں کے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش دیکھنے میں آیا جہاں شہری پیٹرول کے لیے گاڑیوں کے علاوہ بوتلیں اور بڑے کین لیے لائنوں میں کھڑے تھے جبکہ اس دوران شہریوں کے درمیان لائنوں کے معاملے پر تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی پیش آئے۔

شہر میں پیٹرول مافیا نے صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنا شروع کردیا ہے، بیشتر پمپس پر پیٹرول ہوتے ہوئے بھی شہریوں کو نہیں دیا جارہا ہے اور بعض علاقوں میں پیٹرول مالکان مہنگے داموں پیٹرول فروخت کررہے ہیں جبکہ کلفٹن اور ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقوں لیاقت آباد، نیو کراچی اور اولڈ سٹی ایریا میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب پیٹرول ڈیلرز کا کہنا ہےکہ اتوار کو شہر میں پیٹرول کی سپلائی نہیں ہوئی اور اگلے روز پیٹرول مطلوبہ مقدار سے آدھی مقدار میں فراہم کیا گیا تاہم عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور صبرو تحمل سے کام لیں، پیٹرول پمپ صرف عوام کی جانب سے فوری پیٹرول بھروانے کے بعد پیٹرول ختم ہونے پر بند کیے گئے ہیں جبکہ ترجمان پی ایس او نے پیٹرولیم ڈیلرز کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے کراچی میں پمپس کو پیٹرول کی سپلائی کم نہیں کی گئی ہے اور شہر میں 2 ریفائنریز ہوتے ہوئے قلت نہیں ہوسکتی۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی کراچی میں پیٹرول کی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے جبکہ کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ شہرمیں پیٹرول کا کوئی بحران نہیں،شہری افواہوں پرکان نہ دھریں اورصبروتحمل کا مظاہرہ کریں، پی ایس او انتظامیہ نے پیٹرول کی وافرمقدارمیں دستیابی کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پیٹرول پمپس مالکان بھی شہریوں کو پیٹرول کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھیں۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ ہفتے سے پیٹرول کی شدید قلت ہے جسے بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے صرف دعوے کیے جارہے ہیں جبکہ عوام پیٹرول کے حصول کے لیے شدید پریشان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔