بلدیہ عظمیٰ، بارشوں کے پیش نظر ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 جنوری 2015
بارش شروع ہوتے ہی عملہ سڑکوں پر ہوگا اور میں خود شہر کی سڑکوں پر کاموں کی نگرانی کروں گا، ایڈمنسٹریٹر۔ فوٹو: فائل

بارش شروع ہوتے ہی عملہ سڑکوں پر ہوگا اور میں خود شہر کی سڑکوں پر کاموں کی نگرانی کروں گا، ایڈمنسٹریٹر۔ فوٹو: فائل

کراچی: بارشیں معمول پر ہوئیں تو شہریوں کو پریشانی نہیں ہوگی بلدیہ عظمیٰ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

گجر نالے سمیت شہر کے تمام برساتی نالوں پر لینڈ مافیا نے قبضہ کرلیا ہے، نالے خالی کرانے کے لیے بڑی کارروائی کی ضرورت ہے، یہ بات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب احمد سومرو نے منگل کو شہر کے دورے کے بعد لیاقت آباد گجر نالے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہی، انھوں نے منگل کو گلشن اقبال نیپا، یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ، سہراب گوٹھ، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، شاہراہ پاکستان، عائشہ منزل، واٹر پمپ، لیاقت آباد کا تفصیلی دورہ کرکے متوقع بارشوں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ایڈمنسٹریٹر نے نالوں کا معائنہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا، انھوں نے کہا کہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں تمام متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر موجود ہے، متعلقہ اہلکار اور افسران مشینری کے ہمراہ تیار ہیں، بارش شروع ہوتے ہی عملہ سڑکوں پر ہوگا اور میں خود شہر کی سڑکوں پر کاموں کی نگرانی کروں گا، برساتی نالوں پر قبضے سے بارش کے پانی کی نکاسی میں مسائل کا سامنا ہے لینڈ مافیا راتوں رات زمینوں اور نالوں پر قبضے کررہی ہے، نالوں سے تجاوزات ہٹانے کے لیے بڑی کارروائی پر غور کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔