گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 29 جنوری 2015
حکومت صحت اور تعلیم کے میدان میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، چوہدری محمد سرور۔ فوٹو: فائل

حکومت صحت اور تعلیم کے میدان میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، چوہدری محمد سرور۔ فوٹو: فائل

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ وہ پہلے پاکستانی اور مسلمان ہیں جو برطانوی رکن پارلیمنٹ بنے، انہیں وہ پہلا برطانوی رکن پارلیمنٹ ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے جس نے قرآن پاک پر حلف اٹھایا۔ انہوں نے جس ملک میں سیاست کی وہاں کوئی سیاستدان اپنے آپ کو جھوٹا کہلوانا نہیں چاہتا لیکن بدقسمتی سے اس ملک میں سچ کا قحط ہے۔ ان کے دل میں ہمیشہ سے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنے کی آرزو رہی۔ 2013 میں وزیر اعظم نواز شریف نے انہیں گورنر پنجاب بنا کر اعزاز بخشا۔ انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے 4 ماہ بعد ہی اپنا عہدہ چھوڑنے کا کہہ دیا تھا، اس سلسلے میں کئی مرتبہ وزیراعظم  اور وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفے کی  بات کی تھی۔ ان کے میاں برادران سے تعلقات خراب نہیں ہوئے، اگر وہ جھوٹا ثابت ہوجائیں تو سزا کے لئے تیار ہیں۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ ان کا خواب تھا کہ وہ پاکستان میں ایسا معاشرہ بنانے کی کوشش کریں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو، حکمرانی کا حق ایک مخصوص طبقے تک محدود نہ ہو لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں نااصافی بڑھ رہی ہے، ملک میں قبضہ گروپ سرگرم ہیں اور قاتل دندناتے پھررہے ہیں۔ ہمارے ملک میں لینڈ مافیا اور قبضہ گروپ گورنر سے زیادہ طاقتور ہیں۔ بحیثیت گورنر وہ اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے پایا، وہ اپنے دور میں خصوصی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے کچھ بھی نہیں کرسکے، اس لئے انہوں نے گورنر کے عہدے سے استعفے کا فیصلہ کیا، ان کا جینا مرنا پاکستان کے لئے ہے، عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی وہ پاکستان نہیں چھوڑیں گے اور گورنرہاؤس سے باہر رہ کر زیادہ بہتر کام کریں گے۔

قبل ازیں ایکسپریس نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف عامر الیاس رانا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حکومت مخالف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کچھ ہی دیر میں اس حوالے سے باقاعدہ اعلان بھی کر دیا جائے گا. ذرائع وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ شب ہی گورنر پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی اطلاع دے دی تھی۔

واضح رہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور گزشتہ 3 ماہ سے حکومت میں رہتے ہوئے حکومت مخالف بیانات دے رہے تھے جس کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں بھی سخت غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ بھارت کے حوالے سے بھی انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی سفارت کاری کی ناکامی ہے کہ امریکی صدر پاکستان نہیں آ رہے جس پر وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔