بحریہ کے جہازکو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازاگیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 30 جنوری 2015
 لندن میں منعقد ہ تقریب میں ڈیفنس اینڈ نیول ایڈوائزر نے ایوارڈ وصول کیا فوٹو: اے پی پی/فائل

لندن میں منعقد ہ تقریب میں ڈیفنس اینڈ نیول ایڈوائزر نے ایوارڈ وصول کیا فوٹو: اے پی پی/فائل

کراچی: بلغاریہ کی بندر گاہ وارنا سے روس کی بندرگاہ نوورو سیاسک تک منعقدہ کثیر القومی بلیک سی ریگاٹا (ریس) میں قابلِ قدر کارکردگی کے اعتراف میں پاکستان نیوی کے جہاز راہ نَوَرد کو ’’بیسٹ نیوکَمر‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا، پی این ایس راہ نَوَرد کلاس اے ٹائپ سیل ٹریننگ شپ ہے جسے ٹال شپ بھی کہا جاتا ہے۔

ایوارڈ دینے کی تقریب سیل ٹریننگ انٹرنیشنل نے لندن میں منعقد کی، یہ سالانہ ایوارڈ اس جہاز کو دیا جاتا ہے جو دنیا میں کہیں بھی ریگاٹاز اور ٹال شپس میں اپنی پہلی شرکت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے، پی این ایس راہ نَوَردکے علاوہ ریگاٹا ریس میں متعدد اے کلاس ٹائپ جہازوں نے شرکت کی جن میں دنیا کا سب سے بڑا روس کا سیل ٹریننگ شپ سیڈو، دنیا کا تیز ترین سیلنگ شپ ناڈزہا اور ایک اور روس بحری جہاز ’مِر‘ شامل تھے جو کہ دو مرتبہ لگا تار سیل ٹریننگ انٹرنیشنل ریسز جیتنے کے عالمی ریکارڈ کے حامل ہیں۔

اس کے علاوہ بلغاریہ، رومانیہ اور دیگر ممالک کے جہازوں نے بھی اس ریس میں حصہ لیا، علاوہ ازیں پی این ایس راہ نَوَرد نے 5 ٹرافیاں بھی جیتیں جن میں ریس کے دوران ’’بہترین کمیونیکیشن‘‘ اور بلغاریہ میں پریڈ کے دوران ’’بہترین عملے‘‘ کی ٹرافیاں شامل ہیں، پی این ایس راہ نَوَردایک سیلنگ جہاز ہے جس پر اٹھارہ بادبان ہیں،یہ پاکستان کا واحد اور پہلا ٹال شپ ہے جسے 2010 میں پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کیا گیا تھا، سال 2010 سے یہ جہاز پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کی اہم تربیت کے لیے استعمال ہو رہا ہے، لندن میں منعقد ہ تقریب کے دوران پاکستان کے ڈیفنس اینڈ نیول ایڈوائزر نے یہ ایوارڈ وصول کیا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔