23 مارچ کو 7 سال بعد یوم پاکستان کی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 2 فروری 2015
دہشت گردی کے خطرے  کے پیش نظر 23 مارچ  کو فوجی پریڈ کی تقریب گزشتہ 7 سال سے منعقد نہیں ہوسکی تھی فوٹو: فائل

دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر 23 مارچ کو فوجی پریڈ کی تقریب گزشتہ 7 سال سے منعقد نہیں ہوسکی تھی فوٹو: فائل

اسلام آباد: رواں سال 23 مارچ کو سات سال بعد یوم پاکستان کے موقع پر فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی چین کے صدر ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوم پاکستان کی شاندار تقریب کا انعقاد شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں ہوگا جس میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت کئی ممالک کے سفیر شرکت کریں گے، تقریب  کے لئے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور 15 فروری کو آرمی کے دستے اس کے لئے ریہرسل کریں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی چین کے صدر ژی جن پنگ ہوں گے اور اگر کسی وجہ سے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں تقریب نہیں ہوپاتی تو متبادل کے طور پر کشمیر ایونیو میں اس کا انعقاد ہوگا۔

واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے حملوں کے پیش نظر 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد کی جانے والی فوجی پریڈ کی تقریب گزشتہ 7 سال سے منعقد نہیں ہوسکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔